Time 18 اکتوبر ، 2019
کھیل

اظہر علی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مقرر، سرفراز کی ٹی ٹوئنٹی سے بھی چھٹی


اظہر علی کو قومی ٹیسٹ کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے جب کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی بابراعظم کے سپرد کر دی گئی ہے۔

سری لنکا کی ناتجربہ کار ٹیم کے ہاتھوں اذیت ناک شکست کے بعد سرفراز احمد کے ستارے گردش میں ہیں اور انہیں ایک ساتھ تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے سخت فیصلہ کرتے ہوئے سرفراز احمد کو قومی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹاتے ہوئے تجربہ کار بلے باز اظہر علی کو قیادت سونپ دی ہے جب کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت بھی نوجوان بلے باز بابراعظم کے سپرد کر دی گئی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان کا فیصلہ اگلے برس ہالینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز سے قبل کیا جائے گا۔

پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز 4 سے 9 جولائی 2020  تک کھیلی جائے گی۔

کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دورہ آسٹریلیا کے لیے اظہر علی پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے ، ‏اظہر علی کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سیزن 20-2019 کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

اظہر علی آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ بابر اعظم کو آئندہ برس ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔

سرفراز احمد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ‏پاکستان کی قیادت کرنا اعزاز کی بات تھی،  اظہر علی اور بابر اعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سفر میں ساتھ دینے پر کوچز، ساتھی کھلاڑیوں، سلیکٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے بھی اظہر علی اور بابراعظم کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنائے جانے کے فیصلوں کی توثیق کر دی ہے۔

مزید خبریں :