Time 17 اکتوبر ، 2019
کھیل

سرفراز احمد کی ٹیسٹ میں کپتانی کے ساتھ جگہ کو بھی خطرہ؟

سرفراز احمد کی جگہ کپتانی اظہر علی کو ملنے کا امکان، مصباح الحق بحیثیت چیف سلیکٹر چند سخت فیصلے کر سکتے ہیں— فوٹو: فائل

آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے اظہر علی کو کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو نائب کپتان بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔

ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے لاہور سے فیصل آباد پہنچ کر ساتھی سلیکٹرز سے ملاقات کی ہے۔ مصباح الحق سری لنکا کے ہاتھوں تین مسلسل ٹی ٹوئنٹی میچز ہارنے کے بعد مایوس اور پریشان دکھائی دے رہے ہیں اور ایسا لگ رہا ہے کہ اب پاکستان ٹیم میں اہم تبدیلیاں ناگزیر ہیں۔

سابق کوچ مکی آرتھر کے جانے کے بعد نئی انتظامیہ کچھ نئے چہروں کو ٹیم میں لانا چاہتی ہے اور کچھ آزمودہ کھلاڑیوں کو واپس لانے کا بھی خطرہ مول لیا جائے گا۔

مصباح الحق آنے والے دنوں میں دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کا انتخاب کرتے ہوئے بحیثیت چیف سلیکٹر چند سخت فیصلے کر سکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز کیلئے اظہرعلی کو کپتان اور محمد رضوان کو نائب کپتان بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔

مصباح الحق لاہور سے فیصل آباد پہنچ کر ساتھی سلیکٹرز سے مل رہے ہیں لیکن کپتان سرفراز احمد سے ان کی کوئی ملاقات بدھ تک طے نہیں تھی جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شاہی جوڑے کے قومی کرکٹ اکیڈمی کے دورے کے موقع پر بھی کپتان سرفراز احمد کو نظر انداز کرکے اظہر علی کو مدعو کیا تھا۔

سرفراز احمد فیصل آباد کے فائیو اسٹار ہوٹل میں مقیم ہیں لیکن میٹنگز میں سرفراز احمد کو طلب نہیں کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم میں سلمان بٹ، سمیع اسلم، شان مسعود، عابد علی، محمد رضوان، امام الحق، عدنان اکمل، محمد موسیٰ اور راحت علی کے ناموں پر غور ہورہا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں عثمان قادر، محمد عرفان اور ظفر گوہر کے ناموں پر بات چیت ہوگی۔

حددرجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق نے ٹی ٹوئنٹی سیریز ہارنے کے اگلے دن پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کرکے شکست کا پوسٹ مارٹم کیا تھا۔

اسی میٹنگ میں انہوں نے کپتان سرفراز احمد کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھی تحفظات ظاہر کیے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر نے جاتے جاتے بورڈ کو بتایا تھا کہ کھلاڑیوں کا رویہ ٹیم کی کارکردگی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

کراچی میں سری لنکا کی ون ڈے سیریز کے دوران مصباح الحق کو اس وقت سخت حیرت ہوئی جب انہوں نے کھلاڑیوں کو جم سیشن کیلئے کہا، کھلاڑیوں نے کہا کہ وہ پول سیشن پر ہی اکتفا کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ طویل کیمپ میں مشکل ترین ایکسر سائز اور گھنٹوں کی پریکٹس سے وہ پہلے ہی تھکاوٹ کا شکار ہیں۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن نے بتایا کہ سری لنکا کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز ہارنے کے اگلے دن مصباح پی سی بی ہیڈ کوارٹر پہنچے جہاں انہوں نے وسیم خان سے ملاقات کی لیکن ملاقات میں کسی کھلاڑی کی انفرادی کارکردگی اور انفرادی رویے پر بات چیت نہیں ہوئی۔

منگل کو مصباح الحق نے وسیم خان سے ایک اور میٹنگ کی لیکن اس میں فیصل آباد میں کوچز کے ساتھ میٹنگ پر بات چیت ہوئی۔

مزید خبریں :