20 اکتوبر ، 2019
سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے ملک میں مہنگائی پر عوام کو صبر کا مشورہ دیا ہے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ فلاحی کاموں کیلئے پورے پنجاب میں 10 دن کا سفر ہے لہٰذا عوام سے تعاون کی اپیل کرتا ہوں، اِس وقت کروڑوں بچے اسکول سے باہر ہیں، خاص طور پر بچیاں اسکول نہیں جاسکتیں۔
انہوں نے کہا کہ دورے کامقصد لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے کوشش کرنا ہے، معاشرہ بیٹیوں اور خواتین سے چلتا ہے، انہیں اسکول لانا ہے اور تعلیم دلانی ہے۔
سابق کپتان سرفراز احمد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سرفراز نے اچھی کپتانی کی، پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بہتر طریقے سے چلایاہے۔
ان کا مہنگائی پر کہنا تھا کہ مہنگائی کے حوالے سے عوام کو تھوڑا صبر کرنا چاہیے اور حکومت کو وقت دینا چاہیے۔
خیال رہے کہ ملک میں سیاسی گرما گرمی عروج پر ہے اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے حکومت کے خلاف آزادی مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سابق کپتان فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور اس کیلئے انہوں نے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن بھی بنارکھی ہے جبکہ گزشتہ دنوں انہوں نے ملک بھر میں خواتین کیلئے تعلیم عام کرنے کا بیڑا اٹھایا تھا۔