Time 21 اکتوبر ، 2019
کاروبار

عوام منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے سامنے بے بس

ٹماٹر کراچی میں 160 ، کوئٹہ میں 120 روپے میں فروخت ہونے لگا— فوٹو: فائل

ملک کے مختلف شہروں میں عوام منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے سامنے بےبس ہوگئے جب کہ انتظامیہ بھی سرکاری نرخ پرعمل درآمد کرانے میں ناکام ہے۔

سبزیوں، دالوں، مرغی اور گائے کے گوشت کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے، ہرکھانے کا لازمی حصہ ٹماٹر کراچی میں 160 ، کوئٹہ میں 120 روپے میں فروخت ہونے لگا۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں پھل اور سبزیوں سمیت دیگر اشیائے خورو نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

مہنگائی کے اس بڑھتے ہوئے طوفان کی وجہ سے پھل، سبزیاں اور دیگر اشیاء خور ونوش مزدور طبقہ کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔

باقی رہی سہی کسر پٹرول اور تیل کی قیمتوں میں اضافے نے کر دی ہے۔ دوسری جانب کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عام گھریلو اشیاء اور سبزیوں کی من مانی قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

کوئٹہ میں ٹماٹر کی قیمت کو تو بریک ہی نہیں لگ رہا، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 20 روپے تک کا مزید اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد ٹماٹر 100 روپے سے 120 روپے تک میں فروخت کیا جارہا ہے۔

پشاور

پشاور میں اشیاء خور و نوش کی قیمتیوں میں اضافہ سے عوام پریشان ہیں۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران سبزیوں کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

50 روپے فی کلو میں فروخت ہونے والا ٹماٹر 80 روپے جب کہ 150 روپے کلو میں بکنے والی ہری مرچ کی قیمت 220 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

سبزی کی طرح چاول اور دالوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ دال ماش کی قیمت 160 روپے فی کلو سے 220 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔

دیگر دالوں کی قیمتوں میں بھی 25 سے 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ خریدار تو خریدار دکاندار بھی بڑھتی قیمتوں پر نالاں ہیں۔ 

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اشیاء خور و نوش کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور چھاپوں کے دوران مقررہ نرخ سے زیادہ وصول کرنے والے 124 دکانداروں کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ 8 لاکھ روپے سے زیادہ کے جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :