Time 22 اکتوبر ، 2019
پاکستان

ڈی جی آئی ایس پی آر کا بھارت کو نیا چیلنج



پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف  غفور نے  غیر ملکی سفارتکاروں، ہائی کمیشنر اور میڈیا کے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دورے سے متعلق جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے جیو نیوز کے سینئر تجزیہ کار حامد میر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ آج سفارتکاروں اور میڈیا  نے آزادکشمیر کا دورہ کیا اوربھارتی آرمی چیف کے دعوے کی صداقت دیکھی جس سے بھارت کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے۔

اس دوران انہوں نے پورے پاکستان کی جانب سے بھارت کو چیلنج  کیا کہ وہ بھی مقبوضہ کشمیر اور ایل اوسی پرسفارتکاروں اور میڈیا کو لےکر جائے تاکہ بھارت دیکھ لے کہ مقبوضہ کشمیر والوں کے دلوں میں پاکستان کیسے بستاہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت اپنا دعویٰ ثابت کرنےکے لیے اپنی مرضی کے سفارتکار اور میڈیا پاکستان سے لے،  پاکستان ان سفارتکاروں اور میڈیا کو جہاں چاہیں گے لے جائے گا۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا کہ  سفارتکاروں اورمیڈیا نے آج بھارتی آرمی چیف کے دعوے کی حقیقت دیکھ لی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ افراد 79 دن سے محصور ہیں، عالمی برادری سے درخواست ہے مقبوضہ کشمیر  جائیں اورحقائق سامنے لائیں۔

واضح رہے کہ بھارتی جھوٹے دعوؤں کا پول کھولنے کے لیے غیر ملکی سفارت کار وں کو آج لائن آف کنٹرول کا دورہ کر ایا گیا۔

وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا و سارک اور ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل اور ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور بھی ایل او سی کا دورہ کرنے والے غیر ملکی سفیروں کے ہمراہ تھے۔

مزید خبریں :