Geo News
Geo News

Time 23 اکتوبر ، 2019
پاکستان

کٹھ پتلی حکومت گرا کر عوامی حکومت لائیں گے: بلاول



پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کٹھ پتلی حکومت گرا کر عوامی حکومت لائیں گے۔

ضلع تھر کے علاقے اسلام کوٹ میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ حکومت کا راج ہے، جمہوری، معاشی اور سیاسی حقوق پر حملے ہورہے ہیں اور ہر طبقے کا معاشی قتل ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہر طرف مسائل ہی مسائل ہیں اس لیے وہ عمران خان اور اس کے سہولت کاروں کوگرانے کے لیے نکلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج جمہوریت خطرے میں ہے اور سب کو ریموٹ کنٹرول سے چلایا جارہا ہے، کٹھ پتلی حکومت گرائیں گے اور عوامی حکومت لائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’اس عوام دشمن کٹھ پتلی حکومت نے معیشت کا براحال کردیا ہے، حکومت ان سے چل نہیں رہی اور انہوں نے کشمیر کا سودا بھی کردیا، کوئی بھی غیرت مند پاکستانی ان کو معاف نہیں کرے گا‘۔

احتجاجی جلسے میں بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف نعرے بھی لگوائے۔

یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کو اپنے سیاسی گڑھ لاڑکانہ سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 11 پر حالیہ ضمنی الیکشن میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور  ستارے کے نشان والی پی پی پی مخالف جماعتوں کے اتحاد جی ڈی اے کے امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔

بلاول نے الزام عائد کیا کہ ’عمران خان سندھ کا دشمن ہے  جب کہ یہ ستارے والے بھی دھرتی کے غدار ہیں۔'

انہوں نے مرکز میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کراچی پر بھی قبضے کی کوشش کی جارہی ہے اور کچھ لوگ وزارتیں لے کر سندھ کے حقوق کا سودا کررہے ہیں۔ 

یاد رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی حکومت کے خلاف عوامی رابطہ مہم شروع کررکھی ہے اور اس سے سلسلے میں پہلا جسلہ 18 اکتوبر کو کراچی میں ہوا تھا۔