23 اکتوبر ، 2019
اسلام آباد ائیر پورٹ پر ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے اہلکاروں کی جانب سے مسافروں پر تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد واقعے میں ملوث اہلکاروں کو کوارٹر گارڈ کردیا گیا۔
جیو نیوز کے مطابق 17 اکتوبر کو سعودی دارالحکومت ریاض سے پشاور آنے والی قومی ائیر لائنز (پی آئی اے) کی پرواز موسم کی خرابی کے باعث اسلام آباد ائیر پورٹ پر اتاری گئی۔
موسم کی خرابی کے باعث پرواز کی روانگی میں کئی گھنٹے تاخیر ہوئی تو مسافروں نے احتجاج کیا جس کو روکنے کے لیے اے ایس ایف اہلکاروں کو طلب کیا گیا لیکن اے ایس ایف اہلکار معاملے کو حل کرانے کے بجائے مسافروں سے لڑ پڑے اور ان پر تھپڑوں اور گھونسوں کی بارش کردی۔
ایک اہلکار نے تو آپے سے باہر ہوکر مسافروں پر کرسی دے ماری تاہم خوش قسمتی سے کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملوث اے ایس ایف اہلکاروں کو کوارٹر گارڈکردیاگیا۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اےاے) نے جاری بیان میں کہا ہے کہ مینیجر اسلام آباد ائیرپورٹ نے واقعے کی تحریری رپورٹ کردی ہے اور معاملےکی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انکوائری کمیٹی بنادی ہے۔