Time 24 اکتوبر ، 2019
پاکستان

لاہور: مریم نواز اسپتال سے واپس جیل منتقل



لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز  کو سروسز اسپتال سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔

گزشتہ رات وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال لایا گیا جہاں انہوں نے والد نواز شریف سے ملاقات کی۔

والد سے ملاقات کے دوران مریم نواز کی طبیعت بھی ناساز ہوگئی جس کے بعد انہیں سروسز اسپتال میں ہی داخل کرلیا گیا۔ 

نوازشریف وی وی آئی پی روم ایک میں ہیں جب کہ مریم نواز کو وی وی آئی پی روم 2 میں داخل کیا گیا تھا۔

اسپتال ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے اور اُن کی ای سی جی کی گئی جو کہ نارمل آئی۔

 اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو ٹھنڈے پسینے آئے، ان کا بلڈ پریشر نارمل تھا لہٰذا ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز کو ایک رات سروسز اسپتال میں رکھے جانے اور ان کی طبعیت میں بہتری کے بعد انہیں جمعرات کی علی الصبح سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا۔

جیل ذرائع نے بتایا کہ مریم نوازکو چیکنگ کے بعد بیرک میں منتقل کردیا گیا۔

قبل ازیں مریم نواز نے والد سے ملاقات سے پہلے ڈاکٹروں سے نواز شریف کی صحت سے متعلق بریفنگ لی تھی۔  

مریم اورنگزیب کی مریم نواز کو اسپتال میں داخل کیے جانے کی تصدیق

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مریم نواز کی اسپتال میں داخل کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف کے طبی تجزیہ کے لیے ٹیسٹ کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی طبیعت گزشتہ چند روز سے خراب تھی جو اب قدرے بہتر ہے۔

یاد رہے کہ نواز شریف کے پلیٹیلیٹس کی تعداد ایک بار پھر تشویشناک حد تک کم ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف کے پلیٹیلیٹس کی تعداد 29 ہزار سے کم ہوکر 7 ہزار پر آگئی تھی جس پر سابق وزیراعظم کو دوبارہ پلیٹیلیٹس یونٹ لگایا گیا جب کہ میڈیکل بورڈ کی معاونت کے لیے ایک ڈاکٹر اسلام آباد اور ایک کراچی سے بلایاگیا ہے۔

خیال رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے دوران مریم نواز نے والد سے ملاقات کی درخواست کی تھی اور اس دوران وہ آبدیدہ بھی ہوگئیں تھیں۔

عدالت نے ان کی درخواست کو دائرہ اختیار میں نہ ہونے کے باعث رد کردیا تھا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ٹیلیفون کرکے نواز شریف کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

مزید خبریں :