پاکستان
Time 24 اکتوبر ، 2019

نواز شریف اور بلاول کی فضل الرحمان کو آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی


سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ۔ ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرادی۔

جے یو آئی ف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جماعت کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق نواز شریف سے ٹیلی فونک گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

اعلامیہ جے یو آئی کے مطابق نواز شریف نے آزادی مارچ میں کارکنان کی بھرپور شرکت کا اعادہ کیا، شدید خرابی صحت کے باوجود مارچ کی بھر پور حمایت پر مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف سے اظہار تشکر بھی کیا۔

جے یو آئی کے مطابق نواز شریف سے مولانا فضل الرحمان کا رابطہ شہباز شریف کی وساطت سے ہوا۔

مولانا میں کہاں سے آزادی مارچ میں شرکت کروں؟ بلاول کا استفسار
بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی آزادی مارچ سے پہلے ملاقات کا بھی امکان ہے— فوٹو: فائل

علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور آزادی مارچ پر تبادلہ خیال کیا۔

اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹوزرداری نے مولانافضل الرحمان کو آزادی مارچ میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔

جے یو آئی کے اعلامیے کے مطابق بلاول نے مولانا سے سوال کیا کہ ’میں آزادی مارچ میں کہاں سے شرکت کروں؟‘۔

اس پر مولانا فضل الرحمان نے بلاول کو مشورہ دیا کہ وہ سکھر سے آزادی مارچ میں شرکت کریں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی آزادی مارچ سے پہلے ملاقات کا بھی امکان ہے۔

بلاول نے مولانا سے کہا ہے کہ وہ کل یا پرسوں لاڑکانہ آرہے ہیں اور وہیں ان سے ملاقات کریں گے۔

یاد رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 27 اکتوبر سے حکومت کیخلاف آزادی مارچ کا اعلان کررکھا ہے جو 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں داخل ہوگا۔

اس مارچ کی جماعت اسلامی کے علاوہ تمام اپوزیشن جماعتوں نے حمایت کی ہے جبکہ آزادی مارچ کے اعلان کے بعد سے ہی ملک میں سیاسی گرما گرمی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

مزید خبریں :