پاکستان
Time 24 اکتوبر ، 2019

نواز شریف کے علاج کیلئے قائم میڈیکل بورڈ میں ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی شامل

نواز شریف کےعلاج کیلئے ان کے ذاتی معالج کو اب باضابطہ طور پر میڈیکل بورڈ میں شامل کرلیا گیا ہے— فوٹو: فائل

لاہور: سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے علاج کے حوالے سے قائم میڈیکل بورڈ میں ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو بھی شامل کرلیا گیا۔

محکمہ صحت پنجاب نے نواز شریف کےعلاج کیلئے نئے میڈیکل بورڈ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نواز شریف کےعلاج کیلئے ان کے ذاتی معالج کو اب باضابطہ طور پر میڈیکل بورڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے ڈاکٹرعدنان کو بورڈ میں شامل کرنے کا مراسلہ ارسال کردیا۔

ڈاکٹرعدنان سمیت مزید 4 ڈاکٹرز بورڈ کا حصہ بن گئے ہیں اور اب میڈیکل بورڈ کے کل ارکان کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

کراچی سے آئے کلینکل ہیماٹولوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر طاہر شمسی کو بھی میڈیکل بورڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ہیماٹولوجسٹ ڈاکٹر مونا عزیز اور پروفیسر ڈاکٹر فاطمہ خانم بھی بورڈمیں شامل ہوگئی ہیں۔

واضح رہےکہ قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کی حراست میں میاں نوازشریف کی طبعیت 21 اکتوبر کو خراب ہوئی اور ان کے پلیٹیلیٹس میں اچانک غیر معمولی کمی واقع ہوئی، اسپتال منتقلی سے قبل سابق وزیراعظم کے خون کے نمونوں میں پلیٹیلیٹس کی تعداد 16 ہزار رہ گئی تھی جو اسپتال منتقلی تک 12 ہزار اور پھر خطرناک حد تک گرکر 2 ہزار تک رہ گئی تھی۔

آج قوت مدافعت بڑھانے کے انجیکشن دینے کے بعد نواز شریف کے خون میں سفید خلیوں کی تعداد 20 ہزار تک پہنچ گئی تھی تاہم شام میں پھر یہ تعداد 6 ہزار کی سطح پر آگئی۔

مزید خبریں :