Time 24 اکتوبر ، 2019
کھیل

ناردرن نے بلوچستان کو 52 رنز سے ہرا کر قومی ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ ناردرن نے اپنے نام کرلیا— فوٹو: پی سی بی

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں ناردرن نے بلوچستان کو 52 رنز سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔

60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والے عمر امین میچ کے بہترین کھلاڑی جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں عمر امین اور علی عمران نے ناردرن کو اچھا آغاز فراہم کیا۔

بالخصوص عمر امین نے شاندار بلے بازی کی، تین چھکے اور چھ چوکے لگائے اور صرف 38 گیندوں پر 60 رنز جڑ دیے۔

عمر امین نے شاندار بلے بازی کی، تین چھکے اور چھ چوکے لگائے اور صرف 38 گیندوں پر 60 رنز جڑ دیے— فوٹو: پی سی بی

دیگر کھلاڑیوں نے بھی اسکور آگے بڑھایا، محمد نواز نے 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، شاداب خان 25 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ٹیم کا اسکور پانچ وکٹ پر 167 رنز رہا۔ بلوچستان کی جانب سےعماد بٹ اور حسین طلعت نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں بلوچستان کی دو وکٹیں صرف 14 رنز پر گر گئیں۔ اس مشکل میں اویس ضیاء نے 28 اور عمران فرحت نے 32 رنز بنا کر ٹیم کو کچھ سنبھالا لیکن یہ شراکت ٹوٹی اور پھر لائن لگ گئی۔

بلوچستان کی پوری ٹیم 115 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ناردرن کے سہیل تنویر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاداب خان اور محمد نواز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل قومی نیشنل ٹی ٹوئنٹی سیکنڈ الیون کپ بھی ناردرن کی ٹیم نے جیتا۔

مزید خبریں :