پمز اسپتال میں زیرعلاج آصف زرداری کے بھی پلیٹیلیٹس کم ہوکر 90 ہزار رہ گئے

بکتر بند میں آنے اور جانے کے باعث تکلیف بڑھ گئی ہے، ملک میں اسپانئل کورڈ سرجری کے ماہرین موجود نہیں ہیں، ہمشیرہ عذرا پیچوہو— فوٹو: فائل

پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں زیر علاج سابق صدر آصف علی زرداری کے بھی پلیٹیلیٹس کم ہوکر 90 ہزار رہ گئے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر آصف علی زرداری بھی کئی روز سے پمز میں زیر علاج ہیں اور انہیں بھی مختلف امراض لاحق ہیں۔

ترجمان پمز کے مطابق اسپتال کے 4 رکنی میڈیکل بورڈ نے سابق صدر کا تفصیلی معائنہ کیا۔ 

ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق صدر کا بلڈ پریشر نارمل نہیں ہو رہا، شوگر کے باعث رگیں بھی متاثر ہوئی ہیں جبکہ عارضہ قلب کی ادویات کے باعث ان کے پلیٹیلیٹس بھی کم ہو کر 90 ہزار رہ گئے ہیں۔

آصف زرداری ڈپریشن، جسمانی کمزوری، گردن اور مہروں میں شدید درد کی بھی شکایت ہے۔ خیال رہے کہ پمز اسپتال میں پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری کے وارڈ کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔

آصف زرداری کو ریڑھ کی ہڈی کے مہروں میں تکلیف کا سامنا ہے: ہمشیرہ سابق صدر

سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ و صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کو ریڑھ کی ہڈی کے مہروں میں تکلیف کا سامنا ہے۔

کراچی میں صحافیوں سے گفتگو میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بتایا کہ آصف زرداری کی ریڑھ کی ہڈی کے مہرے S4 ,S5 ,L1 میں متاثر ہیں، انہیں علاج کی شدید ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بکتر بند میں آنے اور جانے کے باعث تکلیف بڑھ گئی ہے، ملک میں اسپانئل کورڈ سرجری کے ماہرین موجود نہیں ہیں، انسانی حقوق کے تحت انہیں اعلاج کی ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید تھے جنہیں طبیعت ناساز ہونے پر پمز منتقل کیا گیا جبکہ ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 نومبر تک توسیع کی گئی ہے۔

مزید خبریں :