25 اکتوبر ، 2019
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر کو ایشین گیم چینجر ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔
امریکا میں ہونے والی ایوارڈز کی تقریب میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر بھی موجود تھیں جنہیں کرکٹ میں ان کی نمایاں خدمات اور بہترین پرفارمنس پر ایشین گیم چینجر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ایشیا سوسائٹی کی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پیدا ہونے والی ثناء میر کیلئے حالات چیلنجنگ تھے لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی محنت سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کا اعزاز حاصل کیا۔
ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد ثناء میر نے تقریب میں علامہ اقبال کا شعر بھی پڑھا اور کہا کہ وہ یہ ایوارڈ ان لوگوں کے نام کرتی ہیں جنہوں نے صرف جنگ ہی دیکھی، اگر وہ پاکستان کے بجائے کشمیر میں پیدا ہوتیں تو یقیناً وہ نہیں ہوتیں جو آج ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ یہ ایوارڈ وہ ان خواتین کے نام کرتی ہیں جو کھیلوں سمیت ہر شعبے میں خود کو منوانے کی کوشش کررہی ہیں۔
خیال رہے کہ یہ ایوارڈ ایشیا کی نمایاں بزنس، اسپورٹس اور کلچر سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔