کھیل
Time 26 اکتوبر ، 2019

ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کیلئے پاکستان کی 4 رکنی ٹیم کا اعلان


پاکستان بلیئرڈز  اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن نے ترکی میں ہونے والی ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کیلئے 4 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ۔

انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ 29 اکتوبر سے 9 نومبر تک ترکی کے شہر انتالیا میں کھیلی جائے گی جس میں پاکستان کے چار کیوئسٹس شرکت کریں گے۔

پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے مطابق ترکی میں ہونیوالی چیمپئن شپ کیلئے پاکستان کے ٹاپ کیوئسٹ محمد آصف کے ساتھ ذوالفقار قادر، بابر مسیح اور مبشر رضا کو پاکستان اسنوکر ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔ نوید کپاڈیہ بطور ریفری اس چیمپئن شپ میں میچز سپروائز کریں گے۔

ٹیم میں شامل محمد آصف 2012 میں بلغاریہ میں ہونیوالی چیمپئن شپ میں ورلڈ ٹائٹل اپنے نام کرچکے ہیں ، انہوں نے حال ہی میں کراچی میں ہونیوالی تیسری رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ بھی جیتی ہے جبکہ اس سال انہیں ورلڈ سکس ریڈ کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔

بابر مسیح اور ذولفقار قادر نے جون میں ہونیوالی ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ جیتی تھی ۔ پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کو امید ہے کہ پاکستانی کیوئسٹس ترکی میں ہونے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ چیمپئن شپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئن شپ میں سے منتخب دو اسنوکر پلیئرز پاکستان نمبر ون محمد آصف اور پاکستان نمبر ٹو ذوالفقار قادر کو پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے )اسپانسر کرے گا جبکہ بقیہ دو کھلاڑیوں کو پنجاب اسنوکر ایسوسی ایشن اسپانسر کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی بی ایس اے کو 4 پلیئرز کی دعوت ملی تھی لیکن حکومتی فنڈنگ نہ ہونے کی وجہ سے پی بی ایس اے صرف دو پلیئرز بھیج سکتا تھا ۔ پی بی ایس اے نے تمام صوبائی ایسوسی ایشنز کو کہا کہ اگر وہ اپنے کوئی دو پلیئرز اسپانسر کرنا چاہیں تو کرسکتے ہیں جس کے بعد بابر مسیح اور مبشر رضا کو پنجاب اسنوکر ایسوسی ایشن سے فائنل کیا گیا ہے۔

مبشر رضا قومی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن پر ہیں اور انہیں رینکنگ کی بنیاد پر منتخنب کیا گیا جبکہ بابر مسیح کو اس سال کی شاندار کارکردگی اور تین میڈلز حاصل کرنے پر منتخب کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :