Time 27 اکتوبر ، 2019
پاکستان

جے یو آئی رہنما مفتی کفایت اللہ اسلام آباد سے گرفتار، ہری پور جیل منتقل




جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مفتی کفایت اللہ کو مانسہرہ پولیس نے تھری ایم پی او کے تحت اسلام آباد سے گرفتار کرکے ہری پور جیل منتقل کیا ہے۔

رہنما جے یو آئی کی گرفتاری سے متعلق ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کا حکمنامہ بھی سامنے آیا ہے جس کے مطابق مفتی کفایت اللہ آزادی مارچ کے لیے چندہ اکٹھا کررہے ہیں، کارنر میٹنگ کررہے ہیں لہٰذا انہیں 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا جائے اور 30 روز کے لیے ہری پور جیل میں رکھا جائے۔

جمعیت علمائے اسلام ف نے بھی مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات جے یو آئی ف اسلم غوری کا کہنا ہے کہ مفتی کفایت اللہ کو گزشتہ رات اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون سے گرفتار کیا گیا۔

مفتی کفایت اللہ کے بھائی کا بیان

مفتی کفایت اللہ کے بھائی بھائی قاضی حبیب الرحمان کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے حکم پر مفتی کفایت اللہ کو  گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مفتی کفایت اللہ ٹی وی ٹاک شو میں شرکت کے لیے اسلام آباد گئے تھے کہ انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

قاضی حبیب الرحمان نے مزید کہا کہ ایک طرف حکومت مذاکرات اور دوسری جانب رہنماؤں کو گرفتار کر رہی ہے۔ 

مفتی کفایت اللہ کو عوام کو اشتعال انگیزی پر اُکسانے کے الزام میں گرفتار کیا: کے پی حکومت

مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری سے متعلق خیبر پختونخوا کے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ مفتی کفایت اللہ کو عوام کو اشتعال انگیزی پر اُکسانے کے الزام میں مانسہرہ پولیس نے اسلام آباد سے گرفتار کرکے ہری پورجیل منتقل کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان، وزیراعظم کے استفعے کا خواب دیکھنا چھوڑدیں، مظاہرین پُرامن رہے تو کوئی کارروائی نہیں کی جائےگی، ڈنڈا بردارلوگوں کو صوبے سے باہر نہیں جانےدیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نادار نے جے یو آئی ف کے رہنما حافظ حمداللہ کی شہریت بھی منسوخ کر دی تھی جب کہ پیمرا نے ٹی وی چینلز کو ہدایات جاری کی تھیں کہ انہیں ٹاک شوز میں نہ بلایا جائے۔

مزید خبریں :