29 اکتوبر ، 2019
انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف ) ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ ترکی کے شہر انتالیا میں شروع ہوگئی، پاکستانی کیوئسٹس نے پہلے روز اپنے میچز جیت کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ، مبشر رضا نے سنچری بریک بھی کھیلا۔
ترکی کے شہر انتالیا میں آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں 40 ملکوں کے 110 کیوئسٹس شریک ہیں ۔ چیمپئن شپ میں شریک پاکستان کے 4 میں سے تین کیوئسٹس ابتدائی روز ایکشن میں تھے ۔ تینوں کیوئسٹس نے بغیر کوئی فریم ڈراپ کئے فتوحات حاصل کیں ۔
پاکستان نمبر ون محمد آصف نے ترکی کے اینیس باکرشی کو 0-4 سے ہرایا ۔ آصف کی کامیابی کا اسکور 40-58 ، 1-65 ، 38-80 اور 8-91 رہا۔
ایک اور میچ میں پاکستان کے مبشر رضا نے بیلجیم کے کیوین ہنسنس کو شکست دی ۔ مبشر نے کھیل کے پہلے فریم میں 101 کا سنچری بریک بھی کھیلا ۔ مبشر نے اپنے حریف کو مکمل آؤٹ کلاس کرتے ہوئے بقیہ تین فریمز میں بھی ففٹی پلس کی بریکس کھیلیں اور یہ مقابلہ 1-122 ، 10-65 ، 21-75 اور 27-82 سے اپنے نام کیا ۔
پاکستان کے بابر مسیح نے بھی اپنا میچ باآسانی جیت لیا ۔ انہوں نے میزبان ملک کے کیہان دوروکان کو شکست دی ۔ ترکی کے کیوئسٹ بابر کیخلاف پہلے فریم میں کوئی بھی بال پوٹ نہ کرسکے ۔
پاکستان کے ٹاپ کیوئسٹ اور ایشین ٹیم چیمپئن شپ جیتے والی ٹیم کے رکن بابر مسیح نے یہ میچ 0-87 ، 6-71 ، 7-97 اور 8-69 سے جیتا۔
ایونٹ میں بدھ کو محمد آصف نیوزی لینڈ کے میتھیو اسکاربورو، ذوالفقار قادر روس کے آیون کاکوسکل اور بابر مسیح جمہوریہ چیک کے اوسپ زوسمانووچ سے مقابلہ کریں گے۔