Time 30 اکتوبر ، 2019
پاکستان

فیصل واوڈا اور حافظ حمد اللہ کی ایک دوسرے کو حلوہ اورچھولے کھلانے کی پیشکش


کراچی: پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا نے آزادی مارچ کے کنٹینر پر جانے کا اعلان کردیا۔

 جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ وہ کنٹینر پر جائیں گے اور مرغ چھولے کھائیں گے۔

 فیصل واوڈا کی فرمائش پر حافظ حمد اللہ نے انہیں حلوے کی پیشکش بھی کردی لیکن ن لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا نے اس تمام گفتگو پر کہا کہ فیصل واوڈا کو حافظ حمد اللہ سے کھانا مانگتے ہوئے شرم آنی چاہئے کیونکہ عمران خان نے مظاہرین کو کھانا دینے کا وعدہ کیا تھا۔

جے یو آئی ایف کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا کہ آج جو صاحب مسند ہیں کل نہیں ہوں گے، یہ کرائے دار ہیں ان کا ذاتی مکان نہیں ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ جے یو آئی ایف کا سندھ میں شو بہت خراب رہا ہے، مولانا فضل الرحمٰن جتنے لوگ لانے کا دعویٰ کرتے تھے اس کا 10 فیصد بھی جمع نہیں کرسکے، فضل الرحمٰن کا دھرنا یا آزادی مارچ کس لیے ہے وجہ بتائیں، ہم کسی صورت این آر او نہیں دیں گے نہ کرپشن آگے بڑھنے دیں گے، وزیراعظم عمران خان کا قصو رکیا ہے جو ان کا استعفیٰ مانگا جارہا ہے، عمران خان کا قصور موٹی گردنوں والے ڈاکوؤں کو احتساب کے عمل میں لاکھڑا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو ہائر کیا گیا ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے پاس احتجاج کے لیے لوگ نہیں ہیں، دونوں جماعتوں نے اپنا ملبہ مولانا کے کندھے پر رکھ دیا ہے، آزادی مارچ کی ناکامی کے بعد پی ٹی آئی حکومت آسمان پر پہنچ جائے گی، ہم راکٹ میں بیٹھے ہوں گے اور آسمان کی بلندیوں پر ہوں گے، ہم چاند کے مسافر ہیں ان کی سیاست قبرستان کی ہے۔

فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ ن لیگ کی حکومت میں دوائیاں نہ ملنے سے 780 افراد جیل میں وفات پاگئے، عدالتی فیصلے کے بعد کیا اب سنگین جرائم میں قید مجرم بیمار ہوں گے تو کیا اس پر بھی انسانیت اپلائی ہوگی، نواز شریف جب معاہدہ کر کے جیل سے سعودی عرب بھاگ گئے تھے اس وقت دلیری کہاں تھی، آج انہیں مولانا فضل الرحمٰن مل گئے تو ان کے سر پر گیم کھیل رہے ہیں، ن لیگ والوں کے چہرے پر آج مسکراہٹ صرف مولانا کی وجہ سے ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سازشیں ہوتی ہیں تو کئی جگہ اپنے پرائے اکٹھے ہوجاتے ہیں، حافظ حمد اللہ جس دن اسٹیج پر بیٹھیں گے میں ان کے پاس چائے پینے چلا جاؤں گا، مولانا صاحب کے بھائی بھی کہتے ہیں تمہیں ضرور چائے پلائیں گے،کنٹینر پرآؤں گا تو مرغ چھولے ضرور کھاؤں گا، اس پر حافظ حمد اللّٰه کا کہنا تھا کہ آپ کنٹینر پر آئیں آپ کو حلوہ کھلاؤں گا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ بائیس کروڑ لوگوں میں سے دس لاکھ لوگ اسلام آباد آجائیں تو حکومت کوکیا فرق پڑتا ہے، دس لاکھ لوگوں کے سامنے استعفیٰ دینے والے کمزور لوگ ہوں گے، حکومت اور ریاست سے مضبوط کوئی نہیں ہوتا ہے، تاجر برادری سے بات چیت سے معاملہ حل ہوسکتا ہے، کابینہ کو میں نے کہا کہ کاروباری لوگ بہت لچک والے ہوتے ہیں، کاروباری لوگوں کے ساتھ بیٹھ کرایک دوسرے کی ضرورت سمجھی جائے تو سمجھوتہ ہوجائے گا، ہمارے دھرنے میں انٹرٹینمنٹ اور مزہ تھا۔

جے یو آئی ایف کے رہنما حافظ حمد اللّہ نے کہا کہ فیصل واوڈا جس راکٹ پر سوار ہوکر چاند پر جائیں گے وہ فواد چوہدری کا بنایا ہوا تو نہیں ہے، فواد چوہدری کا اپنا راکٹ بھی کام نہیں کرتا کہ وہ چاند تک پہنچ سکے، فواد چوہدری رویت ہلال کمیٹی کے خول سے نہیں نکلے ہیں، آج جو صاحب مسند ہیں کل نہیں ہوں گے یہ کرائے دار ہیں ان کا ذاتی مکان نہیں ہے، عمران خان کے پاس کسی کو این آر او دینے کا اختیار نہیں ہے، اس حکومت کو جبر کے ذریعہ مسلط کیا گیا اسے سیاسی جدوجہد کے ذریعہ ہٹانا لازمی ہے۔

مزید خبریں :