کھیل
Time 31 اکتوبر ، 2019

ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی فتوحات کا سلسلہ جاری

 مسلسل تین فتوحات کے بعد محمد آصف اور بابر مسیح کی ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کنفرم ہوگئی ہے— فوٹو:فائل

ترکی میں جاری انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں محمدآصف اور  بابر مسیح کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔

دونوں کیوئسٹس نے گروپ مقابلوں میں مسلسل تین، تین میچز جیت کر ناک آؤٹ مرحلے تک اپنی رسائی یقینی بنالی ہے۔

آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ ترکی کے شہر انتالیا میں کھیلی جارہی ہے، پاکستان کے نمبر ون کیوئسٹ محمد آصف نے گروپ سی کے میچ میں جرسی کے راس سائمس کو 1-4 سے شکست دی۔

 پاکستانی کھلاڑی کو پہلے فریم میں شکست ہوئی لیکن اس کے بعد انہوں نے مسلسل 4 فریمز جیت کر 1-4 سے کامیابی سمیٹ لی۔

محمد آصف کی فتح کا اسکور  33-68 ، 25-73، 10-70، 17-55 اور  74-22  رہا۔

 گروپ ایل میں شامل پاکستان کے بابر مسیح نے بھی اپنا میچ باآسانی جیت لیا، انہوں نے امریکا کے اجے پربھاکر کیخلاف سینچری بریک کھیلتے ہوئے 0-4 سے کامیابی حاصل کی۔

دوسری جانب  پاکستان نمبر ٹو ذوالفقار قادر ایک مرتبہ پھر اچھے آغاز کے بعد کامیابی کے ساتھ فنش نہ کرسکے اور آخری فریم میں میچ ہار گئے۔

 تھائی لینڈ کے تھناوات تیراپونگ پائیبون کیخلاف پہلے 2 فریمز کی برتری حاصل کرنے کے بعد تیسرے اور چوتھے فریم میں انہیں شکست ہوئی۔

 مقابلہ 2-2 سے برابر ہونے کے بعد ذوالقار نے پانچواں فریم جیت کر  پھر برتری اپنے نام کی لیکن آخری 2 فریمز میں انہیں ناکامی ہوئی اور تھائی کیوسٹ نے مقابلہ 3-4 سے اپنے نام کرلیا۔

 مسلسل تین فتوحات کے بعد محمد آصف اور بابر مسیح کی ناک آوٹ مرحلے تک رسائی یقینی ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :