Time 01 نومبر ، 2019
کھیل

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف بھارت کے ساتھ مقابلے کی خواہاں

ہم بحیثیت کرکٹر بھارت کے خلاف سیریز کھیلنا چاہتی ہیں کیونکہ ہمارا بھارت سے مقابلہ صرف ورلڈ کپ میں ہوتا ہے، بسمہ معروف— فوٹو: پی سی بی

‏پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے بھارت کے ساتھ مقابلے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

‏پاکستان اور بنگلا دیش کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان ویمن ٹیم نے مہمان ٹیم کے خلاف کلین سوئپ کیا۔

‏پاکستان اور بنگلا دیش کی ویمن ٹیموں نے قذافی اسٹیدیم میں بھر پور ٹریننگ سیشن کیا۔ لاہور میں اسموگ کے باوجود کھلاڑیوں کےجوش میں کمی نہ آئی۔

‏ٹریننگ سیشن کے بعد دونوں ٹیموں کی کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی کی۔ ‏پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز اچھی رہی، پاکستان ٹیم نے تین صفر سے کامیابی حاصل کی، اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ون ڈے ٹیم کی تین کھلاڑی اسکواڈ میں واپس آئی ہیں، ون ڈے ٹیم کا ایک کمبی نیشن بنا ہوا ہے اس لیے زیادہ تبدیلی کرنے کی ضرورت نہیں، انعم امین کی فٹنس کا ایشو رہا ہے انہیں ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں ساتھ رکھا ہوا ہے۔

‏بسمہ معروف نے کہا کہ اس سیریز سے انگلینڈ کے خلاف سیریز کی تیاری کا موقع ملے گا۔

بھارت کے خلاف سیریز کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں بسمعہ معروف نے کہا کہ انگلینڈ سے قبل ہماری بھارت سے سیریز ضرور شیڈول ہے، ہم بحیثیت کرکٹر بھارت کے خلاف سیریز کھیلنا چاہتی ہیں کیونکہ ہمارا بھارت سے مقابلہ صرف ورلڈ کپ میں ہوتا ہے، ورلڈ کپ کے علاوہ بھی سیریز کھیلنی چاہیے لیکن کچھ سیاسی ایشوز کی وجہ سے سیریز نہیں ہو رہیں، ہمیں سیاست کو کھیل سے نہیں جوڑنا چاہیے

مزید خبریں :