02 نومبر ، 2019
گلوکارہ رابی پیرزادہ نے سوشل میڈیا پر اپنی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو درخواست دیدی۔
دو روز قبل گلوکارہ کی نازیبا تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس کے چرچے اتنے ہوئے کہ ان کے نام کا ہیش ٹیک ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق گلوکارہ نے خاموشی توڑتے ہوئے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو کارروائی کے لیے درخواست دے دی ہے۔
رابی پیرزادہ نے درخواست میں کہا ہے کہ تحقیقات کی جائیں کہ سوشل میڈیا پر قابل اعتراض ویڈیوز کس نے اپ لوڈ کی ہیں۔
ادھر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے بتایا کہ رابی پیرزادہ کی درخواست پر کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ فیس بک انتظامیہ کو پیر کے روز خط لکھیں گے اور ان سے کہیں گے کہ وہ ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے کی معلومات شیئر کریں۔
یاد رہے کہ رابی پیرزادہ اس وقت انسٹاگرام پوسٹ پر بغیر اجازت جنگلی حیات رکھنے کے کیس کا سامنا کر رہی ہیں۔
اس کے علاوہ گلوکارہ نے گزشتہ ماہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر خودکش دھماکے کی خواہش کا اظہار کرنے والی متنازع پوسٹ بھی شیئر کی تھی جس کو انہوں نے کچھ ہی دیر میں ڈیلیٹ کر دیا تھا۔