17 اگست ، 2012
اسلام آباد … وزیر اعظم کے مشیر برائے پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ ایل این جی درآمد منصوبے پر کام جاری ہے تاکہ مختلف شعبوں کیلئے گیس کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کی جاسکیں۔ وزارت پیٹرولیم کی طرف سے جار ی اعلامیے کے مطابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی صدارت میں ایل این جی انفرا سٹرکچر پراجیکٹ پر وزیر اعظم کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس ہوا ، کمیٹی کو ایل این جی درآمدی منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ایل این جی کی فاسٹ ٹریک اور لانگ ٹرم درآمد پر بات ہوئی، کمیٹی نے متفقہ طور پر اس بات پر رضامندی ظاہر کی کہ ملک میں توانائی کے بحران کے حل کیلئے ایل این جی درآمدی منصوبہ ضروری ہے۔ کمیٹی نے تجویز دی کہ سوئی ناردرن اور سدرن پر مشتمل ایک مشترکہ کمپنی بنائی جائے جس میں زیادہ حصص وفاقی حکومت کے ہوں اور یہ کمپنی ایل این جی کی درآمد کے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کا کام کرے ۔