مشن پرواز کے بعد فخر عالم کا خلا میں پاکستانی پرچم لہرانے کا عزم

فوٹو: فائل

پوری دنیا کا کامیابی کے ساتھ 23 روز میں چکر لگانے والے  پاکستانی گلوکار و اداکار فخرِ عالم نے اب خلا میں پاکستانی پرچم لہرانے کی ٹھان لی ہے۔

دنیا کے تاریخی سفر کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر گلوکار و اداکار فخرِعالم نے دستاویزی فلم ‘مشن پرواز’ ریلیز کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔


’مشن پرواز’ کا سفر نہ صرف پاکستان کے لیے ایک اہم قومی کارنامہ تھا اور فخرِ عالم کا نام دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی کے نام سے جانا جاتا ہے۔

فخرِ عالم نے مشن پرواز کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر  ٹوئٹر پر ایک پیغام بھی شیئر کیا۔

ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں پاکستان کی تاریخ کے اس فخریہ لمحے کو آپ سب کے ساتھ شیئر کرتا ہوں‘


انہوں نے مشن پرواز کی یاد یں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ سب لوگوں کو مجھ پر فخر ہو گا۔

فخرِ عالم کی دستاویزی فلم ‘مشن پرواز’ میں 23 دن کے رکاوٹوں سے بھرے سفر کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں جو کہ 10 اکتوبر کی صبح 7  بجے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر واٹرز سے شروع ہوا تھا۔

’مشن پرواز‘ کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر فخر عالم کا کہنا ہے کہ میں ہمیشہ پاکستانی ہونے پر فخر کرتا ہوں اور ہمیشہ ایسے کام کرتا ہوں جو کہ میرے ملک کے لیے باعث فخر بنے، ’مشن پرواز‘ ایک ایسا سفر تھا جسے بہت ہی کم لوگ انجام دیتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں اس طرح کے کارنامے پاکستان سے اور بھی لوگ انجام دیں، پاکستانیوں میں بےحد ٹیلینٹ اور صلاحیت ہے، میری اگلی منزل خلا کا سفر کرنا ہے، میں چاہتا ہوں کہ پاکستان کا جھنڈا بھی خلا میں لہرائے، مجھے آپ سب کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔

یہ دستاویزی فلم ’مشن پرواز‘ ایک پاکستانی کے غیر معمولی تاریخی کارنامے کے جشن کے طور پر پاکستان کے سرکاری نشریاتی ادارے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر نشر کی جائے گی۔

واضح رہے کہ فخر عالم ایک کتاب لکھنے پر بھی کام کر رہے ہیں اور اس کتاب کے شائع ہونے کے حوالے سے فی الحال کوئی تاریخ سامنے نہیں آئی ہے۔

مزید خبریں :