پاکستان
Time 04 نومبر ، 2019

چین کے تعاون سے جدید ترین جہاز 'بحر مساح' پاکستان کے بحری بیڑے میں شامل

جدید آلات سے لیس یہ جہاز ملکی سمندری حدود میں قدرتی ذخائر کی تلاش میں اہم کردار ادا کرے گا،نیول چیف— فوٹو: اسکرین گریب

پاک بحریہ کے لیے چین میں تیار کردہ جدید ترین سروے جہاز 'بحر مساح' کو  بحری بیڑے میں شامل کرلیا گیا۔

'بحر مساح 'کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت کی تقریب کراچی میں ہوئی۔

اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھاکہ جہاز کی ملکی بحری بیڑے میں شمولیت سمندری تحقیق اور محفوظ جہاز رانی کی صلاحیتوں میں اضافے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ سروے کے جدید آلات سے لیس یہ تحقیقی جہاز ملکی سمندری حدود میں قدرتی ذخائر کی تلاش میں اہم کردار ادا کرے گا۔

سربراہ پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ  اس سروے شپ کی بدولت پاکستان دوست ممالک کو ہائیڈروگرافی کے میدان میں معاونت فراہم کر سکے گا۔

نیول چیف نے منصوبے کی بروقت تکمیل اور معیاری کام پر داجن شپ یارڈ چین کے عملے کو سراہتے ہوئے کہا کہ  سول اور دفاعی شعبہ جات میں باہمی تعاون پاکستان اور چین کے مابین بہترین تعلقات کا عکاس ہے۔ 

اس موقع پر چیف آف نیول اسٹاف نے کشمیریوں پر بھارتی ریاستی جبر کی مذمت کرتے ہوئے آخری سانس تک کشمیریوں کا ساتھ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ 

مزید خبریں :