کھیل
Time 05 نومبر ، 2019

عامر نے ڈیوڈ وارنر کا ٹی ٹوئنٹی میں ناقابل شکست رہنے کا تسلسل توڑ دیا

 اس میچ سے قبل ڈیوڈ وارنر مسلسل 4 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں آؤٹ نہیں ہوئے تھے— فوٹو:کرکٹ آسٹریلیا

پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے جارح مزاج آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کا ٹی ٹوئنٹی میں ناقابل شکست رہنے کا تسلسل توڑ دیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں محمد عامر نے ڈیوڈ وارنر کو 20 رنز کے انفرادی اسکور پر بولڈ کرکے ان کا گزشتہ 4 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں ناٹ آؤٹ رہنے کا تسلسل توڑ دیا۔

واضح رہے کہ اس میچ سے قبل ڈیوڈ وارنر مسلسل 4 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں آؤٹ نہیں ہوئے تھے۔ اگرچہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انہوں نے صرف 2 رنز ہی بنائے تھے اور بارش کے باعث میچ بے نتیجہ ختم کردیا گیا تھا۔

اس سے قبل سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ڈیوڈ وارنر نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل تین میچوں میں ناقابل شکست رہتے ہوئے 60،100 اور  57 رنز کی اننگز کھیلی تھی جب کہ پاکستان کے خلاف انہوں نے 2 اور 20 رنز بنائے ہیں۔

آئی لینڈرز کے خلاف وارنر  شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ایک اور ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔

وہ بھارت کے ویرات کوہلی اور نیوزی لینڈ کے کولن منرو کے بعد تیسرے بلے باز ہیں جنہوں نے مسلسل 3 میچز میں 50 سے زائد رنز بنائے ہیں۔

بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے جارح مزاج بلے باز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 2 ہزار سے زائد رنز بنانے والے آسٹریلیا کے واحد بلے باز ہیں۔

مزید خبریں :