کھیل
Time 06 نومبر ، 2019

دلی میں فضائی آلودگی سے دو بنگلا دیشی کرکٹرز کی حالت غیر

فوٹو: فائل

بھارت میں ہوائی آلودگی کی وجہ سے لوگوں کو سانس لینے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور دارالحکومت نئی دلی میں ائیر کوالٹی انڈیکس تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے۔

بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم ان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان تین روز قبل ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ پر بھی اسموگ کی وجہ سے منسوخی کا خطرہ منڈلا رہا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق غیبی مدد کی وجہ سے موسم کچھ صاف ہوا تو نئی دلی کے ارون جیٹلے اسٹیڈیم میں میچ کا انعقاد ممکن ہو سکا جس میں بھارت کو بنگلادیش کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی کی پہلی شکست کا مزہ چکھنا پڑا۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران بنگلا دیش کے دوران سومیہ سرکار اور ایک اور کھلاڑی کو الٹیاں بھی ہوئیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے فضائی آلودگی اور دیوالی کے فوری بعد نئی دلی میں میچ رکھنے کے فیصلے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

بی سی سی آئی کے سربراہ ساروو گنگولی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ میچ سے دو تین روز قبل ہم نے مقامی انتظامیہ سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ یہاں میچ ہو سکتا ہے، ہم آخری لمحات میں میچ منسوخ نہیں کر سکتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیوالی کے بعد اور سردیوں کے آمد کے ساتھ شمالی علاقوں میں صورت حال تھوڑی مشکل ہوتی ہے، ہم آئندہ ان علاقوں میں میچ شیڈول کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیں گے۔

مزید خبریں :