Time 06 نومبر ، 2019
کھیل

کیا مکی آرتھر کی کراچی کنگز سے بھی چھٹی ہوگئی؟

پاکستان سپر لیگ فائیو آئندہ سال پاکستان میں کھیلی جائے گی،فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے  پلیئرز ڈرافٹ سے  قبل کم از کم 3 ٹیموں کے ہیڈ کوچز تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے ہیڈ کوچ ڈین جونز کو فارغ کرنے کا باضابطہ اعلان کرچکی ہے جب کہ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز  بھی نئے کوچز کے ساتھ لیگ میں شرکت کریں گے۔

پی ایس ایل 5 آئندہ  سال پاکستان میں کھیلی جائے گی جس کے لیے پلیئرز ڈرافٹ دسمبر میں لاہور میں ہوں گے جب کہ ڈرافٹ سے قبل ٹیمیں کوچنگ اسٹاف کو حتمی شکل دے رہی ہیں۔

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے کوچنگ اسٹاف میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ نے آج باضابطہ طور پر ڈین جونز کو فارغ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

 جیو نیوز پہلے ہی خبر دے چکا تھا کہ ڈین جونز کی جگہ مصباح الحق اسلام آباد یونائٹیڈ کے ہیڈ کوچ ہوں گے، مصباح الحق کے ساتھ نیوزی لینڈ کے لیوک رونکی کو اسسٹنٹ کوچ لگائے جانے کا امکان ہے جب کہ سعید اجمل اسپن بولنگ کوچ ہوں گے، وقار یونس اس سیزن میں اسلام آباد یونائٹیڈ کے ساتھ نہیں ہوں گے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز بھی مکی آرتھر کو برقرار نہیں رکھے گی اور ڈین جونز کراچی کنگز کے نئے ہیڈ کوچ بن سکتے ہیں۔

 دوسری جانب زمبابوے کے سابق کرکٹر اور انگلینڈ کے سابق ہیڈ کوچ اینڈی فلاور ملتان سلطانز کے سیٹ اپ میں شامل ہوسکتے ہیں، اینڈی فلاور اور ملتان سلطانز کے درمیان بات چیت آخری مراحل میں ہے، اینڈی فلاور پشاور زلمی کے بیٹنگ کنسلٹنٹ بھی رہ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ مکی آرتھر کو قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے بھی ہٹایا گیا ہے اور ان کی جگہ پاکستان ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق ہیں اور وہ چیف سلیکٹر بھی ہیں۔

مزید خبریں :