07 نومبر ، 2019
پاکستان کے ٹاپ کیوئسٹ محمد آصف انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر (آئی بی ایس ایف) ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے، پری کوارٹر فائنل میں محمد آصف نے دو سنچری بریکس کھیلتے ہوئے آسٹریلیا کے جیمز مفسڈ کو 1-5 سے مات دے دی۔
ترکی کے شہر انتالیہ میں جاری آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے محمد آصف کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔
آصف علی نے جمعرات کو ناک آؤٹ مرحلے کے دو میچز جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ پاکستان نمبر ون کیوئسٹ نے راؤنڈ آف 16 کے میچ میں آسٹریلیا کے جیمز مفسڈ کو آؤٹ کلاس کردیا۔
آسٹریلین کیوئسٹ کیخلاف محمد آصف شروع ہی سے چھائے رہے۔ انہوں نے تیسرے اور چوتھے فریم میں سنچری بریک کھیلتے ہوئے 1-5 سے فتح اپنے نام کی اور ٹاپ آٹھ کھلاڑیوں میں جگہ بنالی۔ وہ ورلڈ ٹائٹل سے تین میچز دور ہیں۔
آصف نے پہلا فریم جیتا لیکن دوسرے فریم میں وہ ایک بھی بال پوٹ نہ کرسکے اور ان کے حریف نے 91 کے بریک کے ساتھ فریم اپنے نام کیا لیکن اس کے بعد محمد آصف نے جیمز کو کوئی موقع نہیں دیا اور مسلسل چار فریمز جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرلی۔
جیمز مفسڈ کیخلاف آصف کی کامیابی کا اسکور 50-96، 91-0،،، 7-109، 8-104، 43-60 اور 35-60 رہا۔
آصف نے تیسرے فریم میں 108 اور چوتھے فریم میں 103 کا بریک کھیلا۔
اس سے قبل آصف نے راؤنڈ آف 32 میں اسرائیل کے کیوئسٹ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-5 سے شکست دی تھی۔
اسرائیل کے شاکر روبرگ کیخلاف آصف کی کامیابی کا اسکور 9-65، 109-23، 75-47، 0-93، 51-20، 19-62، 17-74 اور 55-66 رہا۔