Time 08 نومبر ، 2019
کھیل

پاکستان کے محمد آصف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے


پاکستان کے محمد آصف آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے ۔

سیمی فائنل میں محمد آصف نے تھائی لینڈ کے کرتسانوت کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-7سے کامیابی حاصل کی، اس سے قبل آج ہی کوارٹر فائنل میں بھی آصف نے تھائی لینڈ ہی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کلاس کیا تھا۔

ترکی کے شہر انتالیہ میں جاری عالمی اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے محمد آصف نے گروپ میں تمام میچز جیتے، پھر راؤنڈ آف سکسٹی فور ، راؤنڈ آف تھرٹی ٹو اور پھر پری کوارٹر فائنل جیتا ۔

جمعہ کو بھی محمد آصف بھرپور فارم میں دکھائی دیے اور پہلے کوارٹر فائنل میں انہوں نے تھائی لینڈ کے تھاناوات تیراپونگ پائیبون کو 4-6سے شکست دی ۔ اس کے بعد سیمی فائنل میں انہوں نے تھائی لینڈ ہی کے کرتسانوت لارتستایاتھورن کو آوٹ کلاس کردیا ۔

سیمی فائنل میں پاکستان نمبر ون محمد آصف نے اپنے حریف کو ایک فریم بھی نہ جیتنے دیا اور ار بیسٹ آف تھرٹین کا معرکہ 0-7سے اپنے نام کرکے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔

اس سے قبل پاکستان کے محمد سجاد نے 2012میں بھی آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جب کہ 2014میں محمد سجاد نے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا لیکن وہ ٹائٹل نہیں جیت سکے تھے۔

اب محمد آصف کے پاس دوسری مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کرنے کا بہترین موقع ہے۔ محمد آصف 2017 اور 2013 میں ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ جیتنے والے ٹیم میں بھی شریک تھے جب کہ 2013میں انہوں نے ایشین سکس ریڈ چیمپئن شپ کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا ۔

گزشتہ برس آصف نے بابر مسیح کے ساتھ ایشین ٹیم چیمپئن شپ بھی جیتی تھی۔

مزید خبریں :