پاکستان
Time 09 نومبر ، 2019

’چند دنوں میں زرداری پیسے دے دینگے، ان کے کیسز بھی ختم ہوجائیں گے‘


لاہور:  وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہےکہ  آئندہ چند روز تک آصف زرداری کی طرف سے پیسے ملنا شروع ہو جائیں گے اور تین چار ماہ میں پلی بارگین سے ان کے سب کیسز ختم ہوجائیں گے۔

ریلوے ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کو طبی نظریہ ضرورت کے تحت باہر بھجوایا جا رہا ہے،  اللہ کرے ان کی طبیعت بہتر ہو جائے،  خدانخواستہ نواز شریف کو کچھ ہو جاتا تو معاملہ حکومت کے گلے پڑ جاتا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نہیں جارہیں، ان کا پاسپورٹ عدالت کے پاس ہے، شہباز شریف بھی نواز شریف کے ساتھ جائیں گے  کیونکہ وہ وکٹ کے دونوں طرف کھیلتے ہیں،  بلاول اور مریم یہاں رہ جائیں گے، کوڑا کباڑ باہر چلا جائے گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف ضمانت پر ہیں، ان کے کیسز ختم نہیں ہوئے  جب کہ سلمان اور حمزہ ، شہباز شریف کی مجبوری ہیں۔

وزیر ریلوے نےد عویٰ کیا کہ آصف زرداری،  خورشید شاہ ، حمزہ اور سلمان کے کیسز انتہائی اہم ہیں جو  پلی بارگین سے حل ہوں گے، آئندہ چند روز تک آصف زرداری کی طرف سے پیسے ملنا شروع ہو جائیں گے جس کےبعد 3، 4 ماہ میں آصف زرداری کے تمام کیسز بھی پلی بارگین میں ختم ہو جائیں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ دھرنا دینا جیل کی سزا کاٹنے سے زیادہ تکلیف دہ ہے اور  مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کو جن پارٹیوں نے کیش کرانا تھا کرا لیا، لاشوں کی سیاست ختم ہو گئی، فضل الرحمان لاشوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں لہٰذا وہ غریب کارکنوں کو مزید آزمائش میں نہ ڈالیں۔

کرتارپور راہداری کے افتتاح پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ کرتاپور راہداری کا منصوبہ تاریخ ساز کہلائے گا اور جلد کرتاپور ریلوے اسٹیشن کی تعمیر بھی شروع ہوجائے گی۔

سانحہ تیز گام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے بتایا کہ ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونیوالے کے ڈی این اے ٹیسٹ مکمل ہو گئے ہیں، واقعے پر ریلوے کے 19 افسران کو معطل کر دیا ہے  جن میں پولیس افسران بھی شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ  آج بھی کئی مسافروں کو سیلنڈرز لے جاتے پکڑا ہے جن کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

مزید خبریں :