پاکستان
Time 09 نومبر ، 2019

مسئلہ کشمیر حل کر کے برصغیر میں بھی خوشحالی لائی جا سکتی ہے: عمران خان کا مودی کو پیغام


وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو پیغام دیا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل کر کے خطے میں امن لایا جا سکتا ہے اور برصغیر کو اٹھایا جا سکتا ہے۔

کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مجھے کرتارپور کی اہمیت کا اندازہ نہیں تھا، مجھے سال پہلے پتا چلا اس کی اہمیت کیا ہے، یہ ایسے ہے جیسے ہم مدینہ کو چار پانچ کلو میٹر سے دیکھ سکیں لیکن وہاں جا نہ سکیں، اس پر مسلمانوں کو کتنی تکلیف ہو گی، یہ دنیا کی سکھ برادری کا مدینہ ہے جہاں آج اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔

مودی سن لیں، امن انصاف سے ہوتا ہے اور نا انصافی سے انتشار پھیلتا ہے: وزیراعظم

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لیڈر نفرتیں نہیں پھیلاتا اور جو نفرت پھیلاکر ووٹ لیتا ہے وہ لیڈر نہیں ہوتا، ہم ہمسایوں کی طرح بات چیت کر کے اپنا مسئلہ حل کر سکتے ہیں، جب منموہن سنگھ وزیراعظم تھے تو انہوں نے کہا تھا کہ اگر ہم کشمیر کا مسئلہ حل کر لیں تو پورا برصغیر اٹھ سکتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا میں نے یہی بات مودی کو کہی تھی کہ ہم یہ مسئلہ کیوں حل نہیں کرتے لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے آج جو کشمیر میں ہو رہا ہے، یہ زمینی مسئلے سے اوپر نکل گیا ہے اور یہ انسانی حقوق کا مسئلہ بن گیا ہے۔

عمران خان کرتارپور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں— اے ایف پی فوٹو

انہوں نے کہا کہ 80 لاکھ لوگوں کے سارے انسانی حقوق ختم کرکے انہیں 9 لاکھ فوج کے ذریعے بند کیا ہوا ہے، یہ انسانیت کا مسئلہ ہے، جو حق اقوام متحدہ نے انہیں دیا وہ چھین لیا گیا، اس طرح کبھی امن نہیں ہو گا، اس وجہ سے سارے تعلقات رکے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مودی اگر میری بات سن رہے ہیں تو سنیں انصاف سے امن ہوتا ہے نا انصافی سے انتشار پھیلتا ہے، مودی کشمیر کے لوگوں کو انصاف دیں اور برصغیر کو اس مسئلے سے آزاد کر دیں تاکہ ہم انسانوں کی طرح رہ سکیں۔

ان کا کہنا تھا سوچیں بارڈر کھلے گا اور تجارت ہو گی تو کتنی خوشحالی آئے گی، ہم کیسے لوگوں کو غربت سے نکال سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیکھ رہا ہوں کہ 70 سال سے اس مسئلے کے حل نہ ہونے کی وجہ سے نفرتیں ہیں لیکن جب مسئلہ کشمیر حل ہو جائے گا تو انشاءاللہ برصغیر میں بھی خوشحالی آئے گی اور خطہ اٹھ جائے گا، انشاءاللہ وہ دن دور نہیں ہے۔

مزید خبریں :