نواز شریف کیلئے قطر سے ائیر ایمبولینس منگوانے کا فیصلہ


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک لے جانے کے لیے قطر سے ائیر ایمبولینس منگوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قطر سے ائیر ایمبولینس آج یا کل صبح لاہور ائیر پورٹ پہنچ جائے گی۔

نواز شریف کے ساتھ ان کے بھائی شہباز شریف، ڈاکٹروں کی ایک ٹیم اور نواسے جنید صفدر کے جانے کا بھی امکان ہے۔

دوسری جانب نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) سے ابھی تک نہیں نکالا جاسکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور قومی احتساب بیورو(نیب) دونوں ہی نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں، ماضی میں وزارت داخلہ کئی افراد کا نام ای سی ایل سے نیب کی اجازت کے بغیر نکال چکی ہے مگر اس بار نیب کو خط لکھ دیا گیا۔

نیب نے بھی وزارت داخلہ کو جوابی خط لکھ کر نوازشریف کی سرکاری میڈیکل بورڈ اور شریف میڈیکل سٹی کی رپورٹس طلب کرلی ہیں۔

خیال رہے کہ نواز شریف کا نام نیب کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا۔ 

طبی بنیادوں پر ضمانت ملنے کے بعد سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے جمعے کو وزارت داخلہ میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے ایک باضابطہ درخواست جمع کرائی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور شہبازشریف اتوار کو قومی پرواز سے لندن جائیں گے جہاں نوازشریف کے علاج کےلیے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جب کہ شریف فیملی کی نیویارک میں بھی ڈاکٹروں سے بات ہورہی ہے۔

مزید خبریں :