Time 10 نومبر ، 2019
دنیا

متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارش سے نظام زندگی درہم برہم

نشیبی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے،فوٹو:ٹوئٹر

متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔

متحدہ عرب امارات میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ  گزشتہ روز سے جاری ہے جس کے باعث متعدد علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہے جب کہ دبئی ائیرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے  جس کے بعد مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فلائٹ سے متعلق انکوائری پر معلومات لے کر ائیر پورٹ آئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق تیز بارشوں کے پیش نظر متعدد اسکولوں میں جلدی چھٹی کر دی گئی اور تیز ہواؤں کے باعث متعدد بل بورڈز بھی گر گئے ہیں۔

نشیبی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا پر متحدہ عرب امارات میں بارش کی ویڈیوز بھی سامنے آرہی ہیں، ایک ویڈیو میں دبئی میں تیز بارش کے باعث شاپنگ مال کی چھت سے پانی آبشار کی طرح بہتا دکھائی دے رہا ہے جب کہ بارش کا پانی متعدد دکانوں میں داخل ہو چکا ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق طوفانی بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی کیفیت بھی پیدا ہو گئی ہے۔

 اس تمام صورتحال میں حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی نقل و حرکت محدود کر دیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔

محکمہ موسمیات نے متحدہ عرب امارات میں بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے  تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

مزید خبریں :