Time 11 نومبر ، 2019
دنیا

یو اے ای میں نمک کے ذریعے مصنوعی بارش

خالد العبیدلی کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مصنوعی بارش برسانے کا تجربہ گذشتہ ایک دہائی سے کیا جارہا ہے،فوٹو:خلیج ٹائمز

متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 2 روز سے ہونے والی مصنوعی بارشوں نے جل تھل ایک کردیا۔

خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای)میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ مزید جاری رہنے کا امکان ہے کیونکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے کلاؤڈ سیڈنگ یعنی مصنوعی بارشوں کے لیے آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

حکام کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں 5 مرتبہ کلاؤڈ سیڈنگ کی گئی جب کہ یہ عمل مزید دہرائے جانے کا امکان ہے جس کے باعث یو اے ای کے رہائشیوں کومزید بارشوں کا سامنا کرنا ہوگا۔

محکمہ موسمیات یو اے ای کے کلاؤڈ سیڈنگ سیکشن کے سربراہ خالد العبیدلی کا کہنا ہے کہ اگرخلیج عرب (فارس) اور العین شہر کے اوپر مزید بادل نظر آئے تو مصنوعی بارش کے لیے مزید آپریشن کیے جائیں گے۔

خالد العبیدلی کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مصنوعی بارش برسانے کا تجربہ گزشتہ ایک دہائی سے کیا جارہا ہے اور اب تک 181 کلاؤڈ سیڈنگ آپریشن کیے جاچکے ہیں۔

کلاؤڈ سیڈنگ کیسے ہوتی ہے؟

ان کے مطابق کلاؤڈ سیڈنگ کے لیے ہم ایک جہاز کے ذریعے نمک لے جا کر ایسے بادلوں کے اوپر چھڑک دیتے ہیں جن میں پانی کی بوندیں یا بارش کا نظام موجود ہوتا ہے جس کے بعد نمک کے ذرات بادل میں جذب ہوکر بارش کا باعث بنتے ہیں۔

 خالد العبیدلی کے مطابق ان کا ارداہ ہے کہ اس سلسلے کو جاری رکھا جائے کیونکہ خلیج عرب میں بہت بادل ہوتے ہیں جو کہ کھلے سمندر کی طرف چلے جاتے ہیں ، ہماری کوشش ہے کہ ہر مرتبہ 15 سے 25 فیصد تک مصنوعی بارش میں اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ مصنوعی بارش کے لیے وہ ایک اور طریقہ استعمال کررہے ہیں جس میں  زمینی سیڈنگ جنریٹرز کا استعمال کیا جاتا ہے، ان جنریٹروں میں  خاص فلیئرز لگائی گئی ہیں جو نمک کے ذروں سے بھری ہوئی ہوتی ہیں اور انھیں بادلوں میں چھوڑا جاتا ہے،   نمک کے یہ ذرے پانی کی چھوٹی چھوٹی بوندوں کو اکٹھا کرکے بڑی بوندوں کی شکل اختیار کرلیتے ہیں جو آخر کار بارش کا باعث بنتے ہیں۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ گزشتہ 2 روز سے جاری ہے جس کے باعث متعدد علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہے۔

 جب کہ دبئی ائیرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے جس کے بعد مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فلائٹ سے متعلق انکوائری پر معلومات لے کر ائیر پورٹ آئیں۔

نشیبی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے متحدہ عرب امارات میں بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

مزید خبریں :