Time 11 نومبر ، 2019
پاکستان

نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ؛ نیب کا مؤقف سامنے آگیا


نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) سے نکالنے کا معاملہ ایک بار پھر ملتوی ہوگیا ہے اور اب اس کا فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔

ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو(نیب) نے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے وزارت داخلہ کو جواب بھجوادیا ہے، اپنے جواب میں نیب کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کسی بھی شخص کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مجاز ہے۔

نیب کےجواب میں نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کےبارے میں نہ تو واضح اعتراض موجود ہے اورنہ ہی اس کی منظوری دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ طبی بنیادوں پر ضمانت ملنے کے بعد سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے گذشتہ جمعے کو وزارت داخلہ میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے ایک باضابطہ درخواست جمع کرائی گئی تھی۔

وزرات داخلہ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر نیب کو خط لکھا تھا جس پر نیب نے بھی وزارت داخلہ کو جوابی خط لکھ کر نوازشریف کی سرکاری میڈیکل بورڈ اور شریف میڈیکل سٹی کی رپورٹس طلب کی تھیں۔

وزارت داخلہ ای سی ایل کا معاملہ کابینہ کو بھجوائے گی

نیب کی جانب سے جواب موصول ہونے کے بعد معاملہ ایک بار پھر وزارت داخلہ کے پاس آگیا ہے جسے وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قواعد کے مطابق معاملہ پہلے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے سامنے رکھا جاتا ہے اور کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس شیڈول کے مطابق بدھ کو ہوگا تاہم حکومت کااختیار ہے کہ ذیلی کمیٹی سے پہلے معاملہ کل ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی لاسکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور نیب دونوں ہی نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں، ماضی میں وزارت داخلہ کئی افراد کا نام ای سی ایل سے نیب کی اجازت کے بغیر نکال چکی ہے۔

'ڈاکٹرزکی تشویش ہر لمحہ بڑھتی جا رہی ہے'

دوسری جانب ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ  نواز شریف کو بیرون ملک لےجانے کے لیے ائیر ایمبولینس کا انتظام کرلیاگیا، ائیر ایمبولینس بدھ کو پہنچے گی۔

مریم اورنگز یب کا کہناہے کہ نواز شریف کی نازک صحت دیکھتے ہوئے ڈاکٹرز نے ائیر ایمبولینس کاکہا ہے،ان کے پلیٹیلیٹس کی تعداد قابلِ سفر سطح پر لانےکے لیے ڈاکٹرز کل انہیں تیارکریں گے، نوازشریف کی طبیعت ٹھیک نہیں،ڈاکٹرزکی تشویش ہر لمحہ بڑھتی جا رہی ہے۔

اس حوالے سےوفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کابینہ کے تمام اراکین نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے حامی نہیں ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ میرے خیال میں سب وفاقی وزراء کا نواز شریف کو باہر بھیجنے کے فیصلے پر حامی ہونا مشکل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے کابینہ کی منظوری درکار ہو گی لیکن کابینہ کو تاحال نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سمری موصول نہیں ہوئی اور  ابھی تک نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سمری کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔

اس سے قبل گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا  لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف کا نام آج ای سی ایل سے نکل جائے گا، حکومت کی کوشش ہے کہ جتنی جلدی ممکن ہو سکے نواز شریف علاج کے لیے بیرون ملک چلے جائیں۔

مزید خبریں :