12 نومبر ، 2019
راولپنڈی: پولیس نے بچوں سے زیادتی کرنے اور ان کی لائیو ویڈیو چلانے والے عالمی گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا۔
راولپنڈی پولیس کے سربراہ فیصل رانا نے بچوں سے زیادتی کرنے اور ان کی لائیو ویڈیو چلانے والے انٹرنیشنل ڈارک ویب کے سرغنہ کی گرفتاری کی تصدیق کی۔
فیصل رانا نے بتایا کہ ملزم سہیل ایاز بچوں سے بدفعلی کے جرم میں برطانیہ میں قید کاٹ چکا ہے اور اسے اسی جرم میں وہاں سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا جب کہ ملزم اٹلی میں بھی بچوں کے ساتھ زیادتی کے مقدمات میں عدالتی ٹرائل بھگت چکا ہے اور اسے اٹلی سے بھی اسی جرم میں ڈی پورٹ کیا گیا۔
سی پی او کے مطابق ملزم نے راولپنڈی میں قہوہ بیچنے والے محنت کش کے بچے کو بدفعلی کا نشانہ بنایا اور پھر اس کی ویڈیو بنائی جب کہ ملزم پاکستان میں 30 بچوں کو بدفعلی کا نشانہ بنانے کا اعتراف کرچکا ہے۔
فیصل رانا نے مزید بتایا کہ ملزم نے برطانیہ میں بچوں کے تحفظ کے ادارے میں ملازمت کی اور وہاں سے ہی بچوں سے بدفعلی کا مکروہ دھندہ شروع کیا۔