Time 12 نومبر ، 2019
پاکستان

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 25 لاکھ ڈالر کی تکنیکی گرانٹ منظور کرلی

گذشتہ ماہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے سندھ میں تعلیم کی بہتری کے لیے 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دی گئی تھی— فوٹو:فائل

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 25 لاکھ ڈالر کی تکنیکی گرانٹ منظور کی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلامیے کے مطابق منظور شدہ گرانٹ سے پنجاب کے دیہی علاقوں میں زرعی شعبے کو ٹیکنالوجی کی مدد سے بہتر بنایا جائے گا اور زرعی مصنوعات کی بہتر مارکیٹنگ کی جائے گی۔

اس سے قبل گذشتہ ماہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے سندھ میں تعلیم کی بہتری کے لیے 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دی گئی تھی جب کہ اکتوبر ہی میں ایشیائی بینک نے   بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے 20 کروڑ ڈالر قرض کی بھی منظوری دی تھی۔

واضح رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلامیے کے مطابق  بینک نے پاکستان کو رواں سال 2.7 ارب ڈالر قرض فراہم کرنا ہے۔ قرض کی فراہمی پاکستان کے آپریشنز بزنس پلان کے لیے ہوگی اور بزنس پلان سے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کو مدد ملے گی۔

اے ڈی بی کے مطابق  پاکستان کو قرض فراہم کرنے کی سالانہ اوسط 2.4 ارب ڈالر تک بڑھ جائے گی، سال 18-2015 کے دوران قرض کی سالانہ اوسط فراہمی 1.4 ارب ڈالر بڑھی ہے۔

اے ڈی بی اعلامیے کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک 5 سال کے دوران پاکستان کو 10 ارب ڈالر قرض دے گا اور یہ رقم پاکستان کے لیے رعایتی قرضہ ہوگی۔

مزید خبریں :