پاکستان
Time 13 نومبر ، 2019

نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

فیصلہ جاتی عمرہ میں نوازشریف اور شہبازشریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا جس میں مریم نواز بھی موجود تھیں— فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کے بارے میں حکومت کی سخت پالیسی کے بعد عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن عدالت میں نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کیلئے درخواست دائر کرے گی۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کرے گی اور عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ جاتی عمرہ میں نوازشریف اور شہبازشریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

ملاقات میں مریم نواز بھی موجود تھیں۔ اس کے علاوہ شہبازشریف کی زیرصدارت جمعرات کو ماڈل ٹاؤن میں اجلاس بھی بلایا گیا ہے اور 3 بجے پریس کانفرنس میں عدالت سے رجوع کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن پرامید ہے کہ اسے عدالت سے ریلیف ملے گا۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کیلئے 4 ہفتوں کیلئے بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔

حکومت کی جانب سے نواز شریف یا شہباز شریف سے ضمانت کے طور پر 7 ارب روپے کے بانڈ طلب کیے گئے ہیں ۔بانڈ کی فراہمی پر نواز شریف بیرون ملک علاج کے لیے 4 ہفتوں کے لیے باہر جاسکیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کے بیرون ملک علاج کیلئے حکومت کی مشروط اجازت کو مسترد کردیا ہے۔

مزید خبریں :