پاکستان
Time 14 نومبر ، 2019

’نواز اور شہبازشریف دونوں کا مؤقف ہے کہ بانڈ جمع نہیں کرائیں گے‘

زلفی بخاری پر نیب کی انکوائری ہے لیکن ایک فون پر ای سی ایل سے نام نکال دیا جاتا ہے، تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم کا نام نکالنے پر بانڈ یاد آجاتے ہیں، عطاء تارڑ— فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء تارڈ نے کہا کہ سیکیورٹی بانڈ کی شرط غیرقانونی ہے، شہبازشریف انڈیمنٹی بانڈ دینے پر بالکل تیار نہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ حکومت کی شرائط غیرقانونی ہیں ، نوازشریف عوام کی عزت پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف دونوں کا مؤقف ہے کہ شورٹی جمع نہیں کرائیں گے، ہمارا مؤقف واضح ہے کہ حکومت کا شورٹی جمع کرانے کا مطالبہ غیرقانونی ہے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ ہم نے درخواست دی تھی کہ طبی بنیادوں پر نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالا جائے، زلفی بخاری پر قومی احتساب بیورو (نیب) کی انکوائری ہے لیکن ایک فون پر ای سی ایل سے نام نکال دیا جاتا ہے لیکن تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم کا نام نکالنے پر بانڈ یاد آجاتے ہیں۔

عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ عدالت نے حدود واضح کیے ہیں تو پھر یہ شرائط کیوں عائد کررہے ہیں؟ عدالت نے کہا کہ جہاں مرضی علاج کرائیں۔

نوازشریف اس وقت خاندان کی سیاست میں پھنسے ہوئے ہیں، فواد چوہدری

پروگرام میں شریک تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ جس طرح سے یہ نوازشریف کو باہر بھیج رہے ہیں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف بیمار ہیں علاج کے لیے باہر بھیج دیتے ہیں لیکن نوازشریف اس وقت خاندان کی سیاست میں پھنسے ہوئے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ماضی میں بادشاہ بیمار ہوجاتا تھا تو خاندان میں سازشیں شروع ہوجاتی تھیں۔

اس پر عطاء تارڈ نے کہا کہ فواد چوہدری کو کیا پتا سیاسی وفاداری کیا ہوتی ہے، ایک جماعت میں رہنا کیا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایون فیلڈ کے کیس میں سزا معطل ہے، دو کیسز میں ہماری اپیل زیر التواء ہیں، کسی کی صحت پر سیاست کرنا انسانیت سے عاری چیز ہے، ہم تمام آپشنز پر کام کررہے ہیں بہت جلد کسی متعلقہ فورم سے رجوع کریں گے۔

اس موقع پر فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ 30 سال میں ایسا اسپتال نہ بناسکی جس میں ان کا علاج ہوسکے، ن لیگ والوں کو نوازشریف کی صحت نہیں اپنی سیاست زیادہ عزیز ہے، ن لیگ نے اندرونی سیاست کیلئے نوازشریف کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

مزید خبریں :