Time 14 نومبر ، 2019
پاکستان

گڈاپ میں ٹماٹر اور گاجر کے بعد ٹڈی دل نے مٹر کی فصل کو بھی تباہ کردیا


کراچی کے علاقے گڈاپ میں ٹماٹر اور گاجر کے بعد ٹڈی دل نے مٹر کی فصل کو بھی مکمل تباہ کردیا۔

غریب کاشتکار اس صورتحال سے پریشان ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ کسی ادارے نے ان سے اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا۔ وزیر زراعت اسماعیل راہو نے ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے وفاق سے ہنگامی اقدامات کا مطالب کردیا اور کہا کہ سندھ کے کئی اضلاع میں ٹڈی دل کے بچے موجود ہیں جن سے بڑی تباہی آسکتی ہے۔

کراچی کے علاقے گڈاپ ٹاؤن میں ٹڈی دل کے حملوں کی روک تھام کے لیے تاحال کوئی احتیاطی تدابیر نہیں کی جاسکی، فصلیں خراب ہونے سے کاشتکاروں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

گڈاپ ٹاؤن کے دیہی علاقوں میں ٹڈی دل کا حملہ جاری ہے۔ مقامی کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ گڈاپ میں ٹڈی نے مٹر، گاجر اور ٹماٹر کی فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے اور تیار فصلیں خراب ہوگئی ہیں۔

مقامی کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اسپرے کرایا جائے ورنہ ہماری فصلیں مکمل تباہ ہوجائیں گی۔

خیال رہے کہ 10 نومبر کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کراچی کے علاقے ملیر، کورنگی، بہادر آباد، حسن اسکوائر اور ناظم آباد سمیت مخلتف علاقوں میں ٹڈل دل کی آمد نے شہریوں کوتشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ پلانٹ اینڈ پروٹیکشن سندھ طارق خان کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل کی کراچی میں موجودگی خوراک کے سلسلے میں نہیں بلکہ وہ یہاں افزائش نسل کے سلسلے میں آئے ہیں اور چند روز میں واپس بلوچستان چلے جائیں گے۔

اس حوالے سے ٹیکنیکل ایڈوائزر ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان معظم خان کا کہنا ہے کہ اس سال بارشوں اور گرمی کی وجہ سے ٹڈی کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، اس سے قبل 1960 میں کراچی میں ٹڈی دل کا حملہ ہوا تھا۔

مزید خبریں :