دنیا
Time 17 نومبر ، 2019

سیاحوں کی ’جنت‘ وینس ڈوبنے لگا

سیاحتی مقامات، ہوٹلوں اور دیگرعوامی مقامات پر کئی فٹ تک پانی جمع ہے: فوٹو— اسٹریٹس ٹائمز

اٹلی کے مشہور سیاحتی مقام اور سیاحوں کی جنت کہلانے والے شہر وینس کو شدید بارشوں کی وجہ سے تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے جس کے باعث سیاحتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

وینس کا مشہور تاریخی مقام سینٹ مارکس اسکوائر بھی سیلابی پانی سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور وہاں اب بھی ساڑھے تین فٹ تک پانی جمع ہے۔

وینس میں 50 سال کے دوران یہ سب سے بڑی سیلابی صورتحال ہے جس سے شہر کا نظام زندگی درہم برہم ہوچکا ہے اور شہر مکمل طور پر پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ سیاحتی مقامات، ہوٹلوں اور دیگرعوامی مقامات پر کئی فٹ تک پانی موجود ہے۔

وینس کے میئر کی جانب سے عوام سے عطیات دینے کی اپیل بھی کی گئی ہے— فوٹو:اے ایف پی

حکام کی جانب سے شہر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور پانی کی نکاسی کے لیے شہری ادارے کام میں مصروف ہیں۔

وینس کے میئر کی جانب سے عوام سے عطیات دینے کی اپیل بھی کی گئی ہے، میئر کا کہنا ہے کہ وینس اٹلی کا فخر ہے اور دنیا بھر میں منفرد حیثیت رکھتا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہم ایک بار پھر وینس کی رونق واپس لے آئیں گے۔

فوٹو:اے ایف پی

حکام کے مطابق موسمیاتی تبدیلیاں شدید اور طوفانی بارشوں کی اہم اور بنیادی وجہ ہیں جس کے باعث وینس میں تقریباً100 سال بعد اتنی شدید بارشیں ہوئی ہیں۔

لہروں کی مانیٹرنگ کرنے والے سینٹر کے مطابق سمندر کی سطح 5 فٹ تک بلند ہوگئی ہے ،میڈیا رپورٹ کے مطابق 1923 میں پہلی مرتبہ سطح سمندر کی پیمائش کی گئی جس کے بعد 1966 میں سطح 1.94 میٹر تک بلند ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ وینس اپنی نہروں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ یہ شہر دراصل 118 جزیروں پر مشتمل علاقہ ہے جن کو 150 نہریں جدا کرتی ہیں، متعدد علاقوں میں  نہریں ہی سڑکوں اور گلیوں کا کام سر انجام دیتی ہیں اور وہاں ہر قسم کی آمدورفت پانی پر ہوتی ہے اور شہر میں گھومنے کے لیے لوگ گاڑی نہیں بلکہ واٹر بس یا واٹر ٹیکسی استعمال کرتے ہیں۔

مزید خبریں :