,
Time 18 نومبر ، 2019
پاکستان

وزارت داخلہ نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی


وزارت داخلہ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت کا میمورنڈم بھی جاری کردیا گیا ہے۔

میمورنڈم کے  مطابق عبوری انتظام کےتحت نوازشریف کوباہرجانےکی ایک بار اجازت دینےکافیصلہ کیاگیا ہے  اور انہیں  4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک علاج کی غرض سے جانے کی اجازت لاہورہائی کورٹ کے حکم پردی گئی ہے۔

وزارت داخلہ کے میمورنڈم میں شہبازشریف اور نوازشریف  کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروائے گئے بیان حلفی کا بھی حوالہ شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف کسی بھی ائیرپورٹ پر عدالتی حکم کی تصدیق شدہ نقل دکھا کر بیرون ملک جا سکیں گے۔

امیگریشن ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام بدستور ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں شامل ہے اور قانون کےمطابق ان کا نام ای سی ایل میں شامل رہے گا،عدالت نے انہیں صرف ایک بار بیرون ملک جانےکی اجازت دی ہے اور وہ عدالتی احکامات دکھا کر ملک سے باہرجاسکتے ہیں۔

لاہورمیں امیگریشن ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ انتظامیہ کو ابھی تک نواز شریف کو لندن لےجانے والی ائیر ایمبولینس کی آمد کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔

واضح رہے کہ 16 نومبر کو لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے انہیں اور شہباز شریف کو 4 ہفتوں میں وطن واپسی کے لیے حلف نامے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل وفاقی کابینہ نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت 7 ارب روپے کے انڈیمنٹی بانڈ جمع کروانے کے ساتھ مشروط کی تھی جسے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مسترد کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

دوسری جانب ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو اسٹیرائیڈ کی ہائی ڈوز دینے کا عمل جاری ہے تاکہ ان کے پلیٹیلیٹس کی مقدار سفر کے قابل ہو سکے۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ ہائی بلڈ شوگر، ہارٹ اور دیگر طبی خطرات کو کم سے کم سطح پر لانے کے لیے بھی نواز شریف کو ادویات دی جا رہی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ڈاکٹرز ایسی محفوظ طبی حکمت عملی پر کاربند ہیں جس سے نواز شریف بحفاظت سفر کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو لے جانے کے لیے ائیر ایمبولینس منگل کی صبح پہنچے گی اور منگل کو ہی نواز شریف علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہو جائیں گے۔

مزید خبریں :