20 نومبر ، 2019
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کے معاملے کی تحقیقات شروع کردیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے دونوں جماعتوں کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں اور دونوں جماعتوں کے نمائندوں کو الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں جماعتوں کے نمائندوں کو 26 نومبر کو اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کیلئے الگ الگ وقت مقرر کیا گیا ہے۔
ن لیگ اور پیپلزپارٹی پر امریکا اور برطانیہ سے غیرقانونی فنڈنگ حاصل کرنے کا الزام ہے اور حوالے سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔
یاد رہے کہ فارن فنڈنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں حکمران جماعت تحریک انصاف کے خلاف دائر درخواست پر بھی کارروائی ہورہی ہے تاہم پی ٹی آئی اسکروٹنی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے۔
ساتھ ہی پی ٹی آئی نے اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کررکھی ہے جس کی سماعت دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی ہے۔
اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے اب الیکشن کمیشن پر دباؤ بڑھانا شروع کیا ہے کہ تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے۔