احسن خان چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے خیر سگالی سفیر مقرر

فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکار احسن خان کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا خیر سگالی سفیر مقرر کردیا گیا۔

احسن خان ڈرامہ اور فلم میں کام کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات اور خدمتِ انسانیت کے لیے بھی سرگرم دکھائی دیتے ہیں۔

لاہور کی مقامی این جی او کی جانب سے ایک تقریب کے موقع پر احسن خان کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا خیر سگالی سفیر مقرر کیا گیا اور اس موقع پر پنجاب کے وزیر اطلاعات اسلم اقبال بھی موجود تھے۔

اس تقریب میں احسن خان کے ساتھ ساتھ پاکستانی راک اسٹار علی ظفر بھی موجود تھے۔

فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

احسن خان کے خیر سگالی سفیر بننے کے حوالے سے این جی او کی چیئر پرسن سارہ احمد نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ بھی کیا۔


احسن خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ ایسا لگا کہ بچوں کیلئے کوئی کام نہیں ہورہا،خواہش ہے کہ بچوں کیلئے بھی کوئی پروگرام منعقد ہوں اور اس ضمن میں بچوں کی رہنمائی کیلئے حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے چاہیے جب کہ بچوں کے ساتھ ہونے والی بد سلوکیوں کو روکنا ہوگا۔

 تقریب کے موقع پر مہمانوں نے بچوں میں تحفے تحائف بھی تقسیم کیے۔

دوسری جانب پاکستانی اداکار ہمایوں سعید نے ٹوئٹر پر احسن خان کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے خیر سگالی سفیر بننے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ احسن خان کا شمار پاکستان کے بہترین اداکاروں کی فہرست میں کیا جاتا ہے اور حال ہی میں وہ  جیو ٹی وی پر نشر کیے جانے والے ڈرامہ سیریل ’الف‘ میں اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آرہے ہیں۔

مزید خبریں :