ٹیسلا کو اپنے سائبر ٹرک کی مضبوطی دکھانا پڑ گیا مہنگا

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلن مسک کو اپنے سائبر ٹرک کی تقریب رونمائی کے دوران شدید شرمندگی اور مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

سائبر ٹرک کی تقریب رونمائی کےدوران ایلن مسک نے شرکاء کو ٹرک کی خصوصیات کے بارے میں آگاہ کیا اور اس کے دروازے پر ہتھوڑے کے وار کرکے اس کے دروازوں کی مضبوطی دکھائی۔

اسی دوران ایلن مسک نے اپنے ساتھی کو کہا کہ وہ ٹرک کے دروازوں میں نصب آرمر گلاس کی مضبوطی بھی شرکاء کو دکھائیں اور ایک بیس بال گیند جتنے گول لوہے کو اس پرماریں۔ ایلن مسک کے ساتھی نے بالکل ایسا ہی کیا مگر یہ فیصلا درست ثابت نہیں ہوا اور ٹرک کے شیشے پر دراڑیں پڑ گئیں۔

اس پر ایلن مسک نے حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ شاید انہوں نے کچھ زیادہ ہی زور سے گیند کو شیشے پر دے مارا۔ اس کے بعد انہوں نے ٹرک کے پچھلے دروازے کے شیشے پر یہی عمل نسبتاً کم طاقت سے دہرایا لیکن اس بار بھی شیشہ ٹوٹ گیا۔

اس موقع پر شرمندگی میں ایلن مسک نے کہا کہ شاید اس میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی پوری پریزنٹیشن ٹوٹے ہوئے شیشوں کے سامنے کھڑے ہو کر مکمل کی۔

انہوں نے بتایا کہ اس ٹرک کی جانچ کے دوران انہوں نے اس پر رینچ سمیت سب کچھ مارا اور یہاں تک کے کچن کا سِنک بھی اس کے شیشےپر مارا مگر یہ نہیں ٹوٹا لیکن یہاں رونمائی میں نامعلوم وجوع کی بنا پر یہ ٹوٹ گیا۔

یاد رہے کہ اس رونمائی کی تقریب ٹیسلا کے یوٹیوب اکاؤنٹ پر براہ راست دکھائی گئی تھی مگر تقریب کے 30 سیکنڈ بعد ہی ٹیسلا نے اس ویڈیو کو ہٹا دیا ۔

مزید خبریں :