Time 23 نومبر ، 2019
پاکستان

’نئے کمشنر کا بروقت تقرر نہ ہوا تو 7 دسمبر کو الیکشن کمیشن غیرفعال ہوجائےگا‘

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سربراہ جسٹس (ر) سردار رضا خان نے نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے سیکریٹری پارلیمانی امور کو خط لکھ دیا۔

 پارلیمانی امور کے ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے سیکریٹری پارلیمانی امورکے نام خط میں لکھا ہے کہ حکومت نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے اقدامات کرے۔

یاد رہے کہ جسٹس (ر) سردار رضا نے 6 دسمبر 2014 کو چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ سنبھالا تھا، ان کی مدت ملازمت 6 دسمبر کو مکمل ہوجائے گی۔

ذرائع کاکہناہے کہ نئے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا بروقت تقرر نہ کیےجانے کی صورت میں 7 دسمبرکو الیکشن کمیشن غیرفعال ہوجائےگا کیونکہ کمیشن کے سندھ اور بلوچستان سے 2 ممبران پہلے ہی ریٹائر ہو چکے ہیں۔

الیکشن کمیشن، چیف الیکشن کمشنر اور 2 ارکان کی عدم موجودگی میں کوئی فیصلہ نہیں کر سکے گا، الیکشن کمیشن ضمنی الیکشن اور بلدیاتی انتخابات بھی نہیں کراسکے گا جبکہ انتخابی فہرستوں کا معاملہ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔  

قانون کے تحت الیکشن کمیشن اپنے تین ارکان کے ساتھ فعال رہ سکتا ہے جب کہ چیف الیکشن کمشنر سمیت ارکان کی مجموعی تعداد 5 ہے۔

آئین کے تحت چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی کے لیے وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف باہمی مشاورت سے 3 نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجواتے ہیں، الیکشن کمشنر کا عہدہ خالی ہونے پر 45 روز کے اندرپُر کیا جانا چاہیے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان سے ممبران کی تعیناتی کے لیے تاحال حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاملات حل نہیں ہوسکے ہیں۔

صدر عارف علوی نے مذکورہ خالی اسامیوں پر سندھ سے خالد محمود صدیقی اور بلوچستان سے منیر احمد کاکڑ کا تقرر کیا تھا لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسے مسترد کردیا اور چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر سے رابطہ کریں۔

الیکشن کمیشن 2 ریٹائرڈ ممبران کا عہدہ پُر کرنے کے لیے وزارت پارلیمانی امور کو چار خطوط لکھ چکا ہے۔ 

مزید خبریں :