23 نومبر ، 2019
ملک میں پولیو کے وار جاری ہیں اور صوبہ سندھ اور خیبر پختونخوا (کے پی) میں مزید 7 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے میں 4 نئے پولیو کیسز کی تصدیق کردی ہے، حکام کے مطابق کے پی میں پولیو کے 4 نئے کیسز ضلع لکی مروت،بنوں ، اپر اور لوئر کوہستان میں سامنے آئے ہیں ، پولیو سے متاثرہ چاروں بچوں کی عمریں 5 سال سے کم ہیں۔
4 نئے کیس سامنے آنے کے بعد رواں سال کے پی میں پولیو کیسز کی تعداد 68 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے رواں ماہ صوبے بھر میں پولیو مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں لاکھوں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔
دوسری جانب سندھ میں بھی محکمہ صحت پولیو وائرس پر قابو پانے میں ناکام نظر آرہا ہے۔
جامشورو، بے نظیر آباد اور کراچی میں پولیو وائرس کے مزید 3 کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد رواں سال سندھ میں پولیو وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مسعود سولنگی کے مطابق رواں سال مزید تین بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں ضلع شہید بے نظیر آباد کی تحصیل سکرنڈ کی 3 سالہ بسمہ ،کراچی میں کیماڑی کا رہائشی 12 سال کا عبداللہ ولد آصف اور جامشورو ضلع کی تحصیل کوٹری کی بچی حنا خاصخیلی شامل ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کا شمار دنیا بھر میں گنتی کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے جہاں پولیو کا مرض اب بھی موجود ہے جس کےخاتمے کیلئے حکومتی سطح پر بھر پور اقدامات کیے جارہے ہیں۔