24 نومبر ، 2019
لاہور: جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں زیر حراست سابق صدر آصف علی زرداری کی ضمانت سے متعلق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وہ اعصابی لحاظ سے تگڑے ہیں اس لیے باہر نہیں نکلے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ نواز شریف کی بیماری پر وزراء کے بیانات غیر مناسب ہیں، نواز شریف کی بیماری پر بیان بازی غلط ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ اگر حکومتی میڈیکل بورڈ اور صوبائی وزیر صحت جھوٹے ہیں تو پھر سارا ٹبر ہی جھوٹوں کا ہے۔
حکومت کی کارکردگی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سراج الحق کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی کارکردگی کھودا پہاڑ نکلا چوہا کے مترادف ہے۔
جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں زیر حراست آصف علی زرداری کی ضمانت سے متعلق سوال پر سراج الحق کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اعصابی لحاظ سے تگڑے ہیں اس لیے باہر نہیں نکلے حالانکہ آصف زرداری صاحب کے لوگ بھی رابطے کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوشش سب کی یہی ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے نکل جائیں۔
واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریالا تالپور جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں زیر حراست ہیں اور دونوں کے خلاف احتساب عدالت راولپنڈی میں مقدمہ چل رہا ہے۔