24 نومبر ، 2019
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے صدارتی انتخاب میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سید عارف حسن بلا مقابلہ صدر منتخب ہوگئے، وہ یہ عہدہ پانچویں مرتبہ سنبھال رہے ہیں۔
پاکستان سمیت کھیلوں کی دنیا میں کیا کچھ نہیں تبدیل ہوا، نئے کھلاڑی ، نئے کھیل اور نئے قوانین لیکن پاکستان میں ملکی کھیلوں کے سربراہ نہیں بدلے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عارف حسن پانچویں مرتبہ صدارت کی کرسی سنبھال رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن کے مدمقابل کسی نے کاغذات جمع نہیں کرائے اور وہ بلا مقابلہ صدر منتخب ہوگئے۔
ان کے ساتھ سینیئر نائب صدر سید عاقل شاہ اور نائب صدور بھی بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں جب کہ موجودہ سیکریٹری پی او اے خالد محمود کے مدمقابل بھی کوئی امیدوار نہ آیا۔
واضح رہے کہ سید عارف حسن 2004ء سے مسلسل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر ہیں اور ملک میں کھیلوں کے حوالے سے متاثر کن اقدامات نہ کرنے پر انہیں تنقید کا سامنا ہے۔
2004 سے پی او اے کے کرتا دھرتاؤں نے کچھ کیا ہو یا نہیں البتہ اپنی کرسی کی حفاظت خوب کی ہے، کھلاڑیوں نے اولمپک سے لے کر سیف گیمز تک کچھ کارکردگی نہیں دکھائی پھر بھی عہدیداران کی کرسیاں محفوظ ہیں۔