بُزدار کی وزیراعظم سے 24 گھنٹوں میں دوسری ملاقات، صوبے میں تبدیلیوں کا امکان

پنجاب میں انتظامی تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دے رہی ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بُزدار گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وزیراعظم عمران خان سے 2 بار ملاقات کرچکے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دو دن میں آج دوسری بار ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبے میں انتظامی تبدیلیوں کے حوالے سے مشاورت اور پنجاب کی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں کے بعد پنجاب میں انتظامی سطح پر بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے۔

انتظامی تبدیلیوں کے ساتھ پنجاب میں بعض وزراء کے محکموں میں بھی ردو بدل کی توقع ہے جب کہ پنجاب میں بیورو کریسی یا وزراء کی عدم دلچسپی کے خلاف کسی قسم کی رواداری نہ برتنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کورکمیٹی کااجلاس اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ہوا تھا،جس میں پنجاب میں انتظامی تبدیلیوں کی ضرورت پر زور دیاگیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں انتظامی اصلاحات سے متعلق اہم فیصلوں کی ہدایت کی تھی۔

اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارگزشتہ روزسے اب تک 2 بار وزیراعظم سے ملاقات کر چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گذشتہ روز کور کمیٹی اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کارکردگی پر بھی دبے الفاظ میں تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔

کور کمیٹی ارکان نے دبے الفاظ میں وزیراعظم کو بتایا کہ عثمان بزدار سابقہ ادوار کی طرح کارکردگی نہیں دکھا پا رہے ہیں۔ 

مزید خبریں :