Time 26 نومبر ، 2019
پاکستان

سندھ میں پولیس افسران کے پریس کانفرنس کرنے پر پابندی عائد

 ایس ایس پی سمیت سینئیر پولیس افسران کو پریس کانفرنس کرنے سے روک دیاگیا ہے،فوٹو:فائل

سندھ پولیس نے اپنے افسران  کے پریس کانفرنس کرنے پر پابندی لگادی ہے۔

گزشتہ ہفتے سابق سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی)  ضلع شرقی کراچی اظفر مہیسر کی پریس کانفرنس کے بعد مبینہ ٹارگٹ کلر یوسف ٹھیلے والا کا ویڈیو بیان سندھ پولیس کو مہنگا پڑگیا۔

 ذرائع نے جیونیوز کو بتایا ہے کہ ایس ایس پی اظفر مہیسر کو عہدے سے ہٹائے جانے اور صوبہ بدرکیے جانے کے بعد اہم فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت ایس ایس پی سمیت سینئیر پولیس افسران کو پریس کانفرنس کرنے سے روک دیاگیا ہے۔

  آئندہ سے سندھ پولیس کی کسی بھی کارروائی کی تفصیل ایک اعلامیے کے ذریعے جاری کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق 96 افراد کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم (لندن) کےمبینہ ٹارگٹ کلر یوسف ٹھیلے والا کے بیان اور اس کے بعد کی صورتحال پر سندھ پولیس حکام ہر قدم پھونک پھونک کر رکھنا چاہتے ہیں۔

فیصلے کے مطابق کسی بھی کارروائی کا تفصیلی اعلامیہ منظوری کے لیے اعلیٰ پولیس حکام کو بھیجاجائےگا اور اعلیٰ حکام کی جانب سے منظوری کے بعد ہی اسے جاری کیا جائےگا۔

 یہ انکشاف آج ہی ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل(اے وی ایل سی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے بعد ہوا ہے۔

ذرائع نےمزید بتایا کہ ایس ایس پی ، اے وی ایل سی نے حالیہ کارروائی سے متعلق پریس کانفرنس کرنی تھی،تاہم اعلیٰ پولیس حکام نے مداخلت کرکے ایس ایس پی اے وی ایل سی کو اعلامیہ جاری کرنے کے احکامات دیے، اے وی ایل سی نے کارروائی میں 9 ملزمان گرفتار اور 11گاڑیاں برآمد کی تھیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ نے  96 افراد کے قتل کے الزام میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے مبینہ ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ملزم  نے وزیراعلیٰ سندھ اور فاروق ستار سے رابطےکا دعویٰ کیا تھا۔

 پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ نے کا کہنا تھا کہ ملزم پر 1995 سے اب تک 96 افراد کے قتل کاالزام ہے، ملزم 1996 میں گرفتار ہوا اور 1997 میں رہا ہوا، ملزم اس سے قبل 2017 میں گرفتار ہوچکا ہے اور اس وقت پیرول پر رہا تھا۔

ایس ایس پی ایسٹ کی پریس کانفنرس کے بعد کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد کے حوالے سے ویڈیو میں مجھ کو منسوب کیا گیا، میں ٹھیلے والے سے نا کبھی ملا ہوں اور نا ہی اسے جانتا ہوں، 2017 میں جب وہ گرفتار ہوا تھا تو وہ رینجرز کی تحویل میں تھا۔

ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے بھی یوسف ٹھیلے والا سے روابط کی تردید کی تھی۔

مزید خبریں :